پاکستانی بلے بازوں نے غلط شاٹ کھیل کر خود وکٹیں گنوائیں،معین خان

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق کپتان معین خان نے کوچ کو تبدیل کرنے کے حوالے سے نعیم الحق کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے جو بات کہی وہ درست کہی ہے۔ پاکستانی بلے بازوں نے غلط شاٹ کھیل کر خود وکٹیں گنوائیں، اگر نوجوان بولرز کو موقع دے رہے ہیں تو مکمل موقع دیں۔ پہلے ٹیسٹ کے بعد تین تبدیلیاں کر کے ٹیم میں بے یقینی خود پھیلائی جا رہی ہے‘۔

یاد رہے کہ مصباح الحق کی منتخب کردہ ٹیم کا پہلا امتحان سری لنکا کیخلاف ہوم سیریز تھی جس میں پاکستان نے 0-2 سے ون ڈے سیریز جیتی تھی جب کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس شکست کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا اور ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی بابر اعظم کو سونپ دی تھی جب کہ ون ڈے کپتان کے نام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں آسٹریلیا کے مشکل ترین دورے پر ہے جہاں پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور پانچ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اب سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی اب تک آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط ہے۔

error: Content is protected !!