سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کھو کھو کوچنگ کلینک کا انعقاد

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور پاکستان کھو کھو فیڈریشن، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن اور محکمہ کے ایم سی اسپورٹس اینڈ کلچر کے اشتراک سے ایک روزہ کھو کھو کوچنگ کلینک کا انعقاد کے ایم سی اسپورٹس کمپلکس کشمیر روڈ پر کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر کے ایم سی جمیل احمد تھے جبکہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمد علی راجپوت نے تقریب کی صدارت کی ۔مہمان خصوصی جمیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی دیگر کھیلوں کی طرح کھو کھو کے کھیل کے فروغ میں اپنا تعاون جاری رکھے گا

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ سن کر بے حد خوشی ہورہی ہے کہ کھو کھو اب انٹرنیشنل سطح پر کھیلا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ میں منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کھو کھو کوچنگ کلینک کا انعقاد کیا جس سے کھلاڑیوں کو کھو کھو کے نئے رولز وغیرہ کو سمجھنے میں بہت مدد ملے گی آخر میں انہوں نے احمد علی راجپوت کی کھیلوں میں خدمات کو بھی سراہا ۔

اس موقع پر احمد علی راجپوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھو کھو پاکستان میں نیا نہیں کھو کھو ہم بچپن میں کھیلا کرتے تھے لیکن اب یہ نئی جدت اور رولز کے ساتھ انٹرنیشنل سطح پر کھیلا جارہا ہے پاکستان میں اسے کھو کھو فیڈریشن بہت اچھے انداز میں فروغ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کھو کھو کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔اس موقع پر گریس فل گرامر اسکول کے روح رواں محمد سلیم نے کہاکہ میں منتظمین کو اور خاص طورپر سندھ کھو کھو کے صدر ڈاکٹر عارف حفیظ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کھو کھو کے کھیل کے فروغ کیلئے کوچنگ کلینک کا انعقاد کیا ۔

اس موقع پر نوشاد احمد خان ،ڈاکٹر محمد عارف حفیظ اور دیگر نے بھی خطاب کیا تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد ندیم خان ،عمر شاہین ،قمر خان ،وسیم علوی ،سائیکوٹرسٹ سید انصار احمد ،کاشف فاروقی ،فرخ کمال اور دیگر نے شرکت کی ۔آخر میں سندھ کھو کھو ایسوسی ایشن کے چیئرمین عارف وحید نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خاص طورپر انٹرنیشنل کھو کھو پلیئر شہروز علوی کا بھی جنہوں نے کوچنگ کلینک کیلئے بہت محنت کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کھو کھو ٹیم آئندہ سال فروری میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں بھی شرکت کرے گی ۔

error: Content is protected !!