وسیم اکرم کو کرکٹ بورڈ میں اہم ذمہ داری ملنے کاامکان

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق کپتان وسیم اکرم کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنائے جانےکا امکان ہے۔وسیم اکرم اسوقت کرکٹ کمیٹی کے رکن ہیں اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے کرکٹ کمیٹی کی چئیرمین شپ سے دستبردار ہونے کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا ہے۔بورڈ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کی سربراہی کےلئے مضبوط امیدوار ہیں، بورڈ نے اس حوالے سے سابق کپتان سے ابتدائی بات چیت کی ہے اورجلد اس معاملے کو حتمی شکل دی جاسکتی ہے۔

وسیم اکرم کی رضامندی کی تصدیق کے بعد چند روز میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کو مکمل با اختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے اب کرکٹرز ہی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ مصباح الحق بھی ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کرکٹ کمیٹی سے الگ ہوچکے ہیں،کمیٹی کے دیگر اراکین کےلئے بھی کرکٹرز سے ملاقات مہم شروع کی جارہی ہے، نئی کرکٹ کمیٹی میں وسیم خان بورڈ کے واحد نمائندہ ہوں گے اورانکے علاوہ بورڈ کا کوئی دوسرا عہدیدار شامل نہیں ہو گا۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اعلان اگلے دو ہفوں میں کر دیا جائےگا ، بنگلا دیش کےخلاف سیریز سے قبل کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوگا، کرکٹ کمیٹی کے تمام ارکان بغیر معاوضہ کام کریں گے۔ اجلاس میں شرکت، رہائش اور ڈیلی الاؤنس ضرور انہیں ملا کرےگا۔کرکٹ کمیٹی ہیڈکوچ، چیف سلیکٹر سمیت ہر اس آفیشل کو بلاکر باز پرس کرسکے گی جو ٹیموں کے ساتھ ذمہ داریاں نبھارہا ہوگا۔

error: Content is protected !!