13ویں سائوتھ ایشیئن گیمز میں جیولن تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے اتھلیٹ ارشد ندیم پنجاب میں سپورٹس ایمبیسیڈر مقرر، 5لاکھ روپے انعام کا اعلان

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ نوجوان اتھلیٹ ارشد ندیم نے 13ویں سائوتھ ایشیئن گیمز 2019ء میں جیولن تھرو کے مقابلے میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا ہے اور ٹوکیو اولمپکس 2020ء کے لئے کوالیفائی بھی کرلیا ہے جو کہ ہمارے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، ارشد ندیم پاکستان کے پہلے اتھلیٹ ہیں جو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، اس کامیابی پر حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور پوری قوم کی جانب سے ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ارشد ندیم جیسے نوجوان ہی پاکستان کے ہیروز ہیں، اس شاندار اعزاز پر ارشد ندیم کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے سپورٹس ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے اور 5لاکھ روپے کیش انعام دیا جارہا ہے جو کہ وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار دیں گے

سائوتھ ایشیئن گیمز میں میڈلز جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں کو بھی کیش انعامات دیں گے،گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو ایک لاکھ روپے، چاندی کا میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 75ہزار روپے جبکہ کانسی کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑی کو 50ہزار روپے دیئے جائیں گے، ارشد ندیم نے کہا ہے کہ میں قوم کا مشکور ہوں جن کی دعائوں سے کامیابی حاصل کی، پنجاب حکومت، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی، انشاء اللہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتوں گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ،اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی و دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزیدکہا ہے کہ ارشد ندیم نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار یہ کامیابی حاصل کی ہے، سائوتھ ایشیئن گیمز میں جیولن تھرو کے مقابلے میں 86.29 میٹر کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے

ارشد ندیم پاکستان کے پہلے اتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا ہے، ارشد ندیم کی کامیابی سنگ میل ثابت ہوگی، حکومت ارشد ندیم جیسے شائنگ سٹارز کیساتھ کھڑی ہے اور ٹوکیو اولمپکس2020ء کی تیاری کے حوالے سے ان سے ہر طرح سے تعاون کیا جائے گا، ارشد ندیم کو اگر غیر ملکی کوچز اور ٹرینرز کی ضرورت پڑی تو ان کو بھی بلایا جائے گا، ارشد ندیم کی کامیابی پر ان کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے 5 لاکھ روپے کا کیش انعام دیا جارہا ہے، یہ انعام وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ارشد ندیم کو دیں گے، ارشد ندیم کو پنجاب میں سپورٹس کا ایمبیسیڈر بھی مقرر کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایونٹس میں میڈلز جیتنے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے ایک سکیم منظور کی ہے جس کے تحت 5کھیلوں اتھلیٹکس، ویٹ لفٹنگ ، باکسنگ، ریسلنگ اور بیڈ منٹن کو منتخب کیا گیا ہے تاکہ ان میں میڈلز جیتے جاسکیں، اس سکیم کو جلد لانچ کردیا جائیگا ، ان کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹین ایجر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا ان کو اچھے سکولوں میں تعلیم بھی دلائیں گے، ماہر کوچز اور ٹرینرز سے تربیت دلائیں گے تاکہ یہ کھلاڑی منزل پا سکیں ، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سپورٹس سکول کی منظوری دیدی گئی ہے جس کے تحت اچھے کھلاڑیوں کو اپنے پاس رکھیں گے، اچھی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے کھیل کو بھی بہتر بنایا جائے گا

ان اقدامات کے تحت انشاء اللہ اگلے اولمپکس میں پاکستان کے کھلاڑی میڈلز جیت سکیں گے، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں سپورٹس سہولتوں کے حوالے سے ایک ایپ متعارف کرارہے ہیں جس سے کھلاڑی سپورٹس سہولت کے استعمال کے لئے آن لائن فارم جمع کراکر اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے ، اس کا افتتاح بھی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے۔

اتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا کہ میرا گولڈ میڈل پاکستان کے لئے ہے، مجھے پاکستان کا نام روشن کرکے دلی راحت ملی ہے، پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی ہے، ٹوکیو اولمپکس 2020ء میں پاکستان کا پرچم بلند کرنے کیلئے بھرپور محنت کرونگا۔ اپنے کوچز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر)اکرم ساہی نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ارشد ندیم کی کامیابی پر فخر ہے، یہ پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، تاریخ میں یہ پہلی کامیابی ہے جو کہ پاکستان کو ملی ہے، ارشد ندیم کو تربیت کیلئے چین بھیج رہے ہیں، پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کی حوصلہ افزائی سے ارشد ندیم کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں، ہم سب ارشد ندیم کی ٹوکیو اولمپکس میں کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

سیکرٹری سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی کامیابی سے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے نئی راہیں کھیلیں گی، نئے کھلاڑیوں میں سپورٹس کا شوق پیدا ہوگا، ارشد ندیم کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سپورٹس بورڈ پنجاب مختلف کھیلوں کے کوچنگ اینڈ ٹریننگ کیمپ منعقد کررہا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، اولمپکس، سیف گیمز، ایشیئن گیمز و دیگر ایونٹس میں میڈلز جیتنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے، 5کھیلوں پر فوکس کررہے ہیں ، انشاء اللہ پاکستان ان ایونٹس میں بھی زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتے گا۔

error: Content is protected !!