یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کا سپر آٹھ مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر

پشاور(آن لائن)یوفون خیبرپختونخوا فٹبال کپ کا سپر آٹھ مرحلہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپر آٹھ مرحلے میں کامیاب ٹیموں ڈی ایف اے گرین ایف سی کوہاٹ، پشاور کمبائنڈ ایف سی، ڈی ایف اے چترال ایف سی اور ڈی ایف اے صوابی ایف سی نے سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل 17 دسمبر کو شام پانچ بجے فلڈ لائٹس کی روشنی میں منعقد ہوگا۔ سپر آٹھ مرحلے کا پہلا میچ ڈی ایف اے گرین ایف سی کوہاٹ اور پاک روز ایف سی ہری پور کے درمیان کھیلا گیا۔ اس سنسنی خیز میچ میں کوہاٹ نے ہری پور کو دلچسپ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی۔ میچ کے پہلے ہاف میں کوہاٹ کی ٹیم حاوی رہی اور اسد اور خیام نے کھیل کے چھٹے اور 14 ویں منٹ میں دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔

ہری پور نے بھرپور مقابلہ کیا اور اوپر تلے دو گول اسکور کرکے میچ برابر کردیا۔ ہری پوری کے فیصل اور صدام نے کھیل کے 42 ویں منٹ اور 59 ویں منٹ میں گول اسکور کئے۔ بعد ازاں میچ کا نتیجہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر نکلا جس میں کوہاٹ نے ہری پور کو 3 کے مقابلے میں 4گول سے شکست دے کر سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی۔ سپر آٹھ مرحلے کا دوسرا میچ پشاور کمائنڈ ایف سی اور شاہ ایف سی چارسدہ کے درمیان کسی گول کے بغیر بے نتیجہ رہا۔ کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی تاہم پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پشاور نے چارسدہ کو 7 گول کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دے کر سیمی فائنلز میں رسائی حاصل کرلی۔ سپر آٹھ مرحلے کے تیسرے میچ میں ڈی ایف اے چترال ایف سی نے آتش ایف سی ٹانک کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔

یوسف نے میچ کا اکلوتا گول کھیل کے 28 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ سپر آٹھ مرحلے کا آخری میچ ڈی ایف اے صوابی ایف سی اور بنوں ریڈ ایف سی کے درمیان کھیلا گیا۔ صوابی نے کھیل کی ابتداء ہی میں دو گول اسکور کرکے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔ فرحان اور وسیم نے یہ گول میچ کے 17 ویں اور 36 ویں منٹ میں اسکور کئے اور سیمی فائنلز میں اپنی ٹیم کی جگہ یقینی بنائی۔ دونوں سیمی فائنلز 16 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل ڈی ایف اے گرین ایف سی کوہاٹ اور پشاور کمبائنڈ ایف کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل ڈی ایف اے چترال ایف سی اور ڈی ایف اے صوابی ایف سی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز اور فائنل میچ پی ٹی وی اسپورٹس اور Suno FM 89.4پر براہ راست نشر کئے جائیں گے۔

error: Content is protected !!