بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکاری

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق انہوں نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کو سخت الفاظ پر مشتمل خط ارسال کر کے ان سے پاکستان میں ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی وجہ پوچھی ہے کیونکہ پی سی بی اپنی ہوم سیریز بیرون ملک کھیلنے میں دلچسپی نہیں رکھتا لہٰذا بنگلہ دیشی بورڈ کو پاکستان آنے سے انکار کےلئے قابل قبول وجہ بتانی ہوگی۔

وسیم خان کے مطابق بی سی بی نے انہیں مطلع کیا ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے پاکستان آسکتے ہیں لیکن فی الحال ان کا پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔وسیم خان کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم اس وقت پاکستان کے دورے پر ہے اور سیریز کیلئے آئی سی سی نے اپنے آفیشلز بھی پاکستان بھیجے ہیں تو بنگلہ دیش کے پاس کوئی جواز ہی نہیں ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے سے انکار کرے کیونکہ آئی سی سی نے بھی ٹور کا سکیورٹی پلان قبول کیا ہے تاہم بی سی بی سے مذاکرات جاری رہیں گے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ نے بھارت جاتے ہوئے پاکستان میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے اور اس حوالے سے دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام آئندہ چند روز میں تمام معاملات فائنل کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔واضح رہے کہ اپریل 2020 ءمیں جنوبی افریقی ٹیم کی بھارت کیخلاف سیریز طے ہے جس کے لیے بھارت جانے سے قبل پروٹیز ٹیم پاکستان میں تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کھیل سکتی ہے۔

error: Content is protected !!