نسیم شاہ نے بھی کراچی ٹیسٹ میں ریکارڈ اپنے نام کرلیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ٹیم کے نوجوان کھلاڑی نسیم شاہ نے ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر ترین فاسٹ باؤلر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔کراچی میں 10 سال بعد ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں جہاں قومی ٹیم نے سری لنکا کو 263 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی وہیں نسیم شاہ نے بھی ریکارڈ بنا ڈالا۔حال ہی میں قومی ٹیم کا حصہ بننے والے نسیم شاہ نے کراچی ٹیسٹ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری اننگز میں 12 اوور 5 گیندوں پر صرف 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کے ساتھ ہی نسیم شاہ ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے کم عمر ترین فاسٹ باؤلر جبکہ دنیا کے دوسرے ایسے باؤلر بن گئے جنہوں نے اتنی کم عمر میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔فروری 2013 میں پیدا ہونے والے نسیم شاہ نے 16 سال 311 دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کیا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی کا اعزاز بھی پاکستان کے نسیم الغنی کو حاصل ہے، جنہوں نے 16 سال 303 دن میں 5 وکٹیں حاصل کی تھی لیکن وہ لیف آرم اسپنر تھے۔اس کے علاوہ محمد عامر بھی دنیا کے ان کم عمر کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں اور انہوں نے صرف 17 سال 257 دن میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

error: Content is protected !!