نیوزی لینڈ کودوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست،سیریز آسڑیلیا نے سیریز میں 2-0کی برتری حاصل کرلی

میلبرن (سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلیا نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 247رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین اور کپتان ٹم پین کی نصف سنچریوں کی بدولت 467 رنز بنائے۔

اس کے جواب نیوزی لینڈ کی ٹیم صرف 148رنز پر ڈھیر ہو گئی جہاں 50رنز بنانے والے ٹام لیتھم کے سوا کوئی بھی بلے باز آسٹریلین باؤلرز کا سامنا نہ کرسکا۔عالمی نمبر ایک باؤلر پیٹ کمنز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیمز پیٹنسن نے تین اور مچل اسٹارک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔آسٹریلیا نے فالو آن کرانے کے بجائے تھکے ہوئے باؤلرز کو آرام کرانے کے لیے خود بیٹنگ کی اور 168رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے لیے 488رنز کا ریکارڈ ہدف دیا لیکن ٹام بلنڈل کی 121 رنز کی جرات مندانہ اننگز کے باوجود نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 240رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لائن 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جیمز پیٹنسن نے بھی تین وکٹیں لیں۔آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ 247رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سال 2019 کا کامیابی کے ساتھ اختتام کیا۔

error: Content is protected !!