قائد اعظم ٹرافی فائنل،عمر اکمل کی ڈبل سنچری،سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز 675رنز 8کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئرکردی

کراچی۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) قائد اعظم کرکٹ ٹرافی فائنل میچ کے تیسرے روز سینٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز 421 رنز کی برتری کے ساتھ 675 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کر دی، عمر اکمل نے 218 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ظفر گوہر 99 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، ناردرن نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 312 رنز درکار ہیں، حیدر علی 50 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اتوار کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں میچ کے تیسرے روز سینٹرل پنجاب نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 466 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو عمر اکمل 123 اور ظفر گوہر 9 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ میں 215 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 656 تک پہنچا دیا، ظفر گوہر بدقسمت رہے اور 99 رنز پر فیضان ریاض کی گیند پر صدف حسین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، عمر اکمل نے ایک طرف سے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 265 گیندوں پر 218 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 20 چوکے شامل تھے، سینٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 675 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔

نعمان علی، محمد موسیٰ اور فیضان ریاض نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ناردرن نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 312 رنز درکار ہیں، ذیشان ملک 38 اور عمر امین 17 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ حیدر علی 50 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں، بلال آصف اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

error: Content is protected !!