کورونا وائرس ،کرکٹ قوانین میں عبوری تبدیلیاں منظور

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی سی سی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات کو عبوری مدت کیلئے منظور کرتے ہوئے کورونا کے دوران کرکٹ کے قوانین میں عبوری تبدیلیوں کی توثیق کردی ۔ ٹیسٹ میچوں میں کوئی بھی ٹیم کورونا میں مبتلا کسی بھی پلیئر کی جگہ میچ ریفری کی منظوری سے متبادل پلیئر کی خدمات حاصل کر سکے گی جو میدان سے باہر جانے والے پلیئر کے معیار کا ہوگا تاہم اس تبدیلی کا ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچوں میں اطلاق نہیں ہوگا۔پلیئرز بال کو چمکانے کیلئے تھوک کا استعمال نہیں کر سکیں گے

نئے قانون سے ہم آہنگی تک ابتدائی عرصے میں نرمی برتی جائے گی تاہم تھوک کے استعمال کا تواتر کے ساتھ استعمال ٹیم کیلئے وارننگ کا باعث بنے گا جو ایک اننگز میں دو مرتبہ دی جائے گی۔اگر پلیئرز نے عادت کے مطابق تھوک کا استعمال جاری رکھا تو حریف ٹیم کو پنلٹی کے پانچ رنز دئیے جائیں گے۔

سفری پابندیوں کے تحت مقامی امپائرز کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو آئی سی سی کے ایلیٹ اور انٹرنیشنل پینل سے وابستہ ہیں۔آئی سی سی نے ڈی آر ایس کی تعداد ٹیسٹ میچوں میں فی اننگز تین جبکہ مختصر فارمیٹ میں دو کردی ہے جبکہ گورننگ باڈی کی کرکٹ آپریشنز ٹیم کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزیوں کی صورت میں میچ ریفری کی مدد کرے گی اور ایلیٹ پینل کا نیوٹرل میچ ریفری کسی بھی واقعے کی ویڈیو لنک پر سماعت کر سکے گا۔

error: Content is protected !!