پاکستان کرکٹرز کا دورہ انگلینڈ کا شیڈول کنفرم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نےقومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے شیڈول کی تصدیق کردی،پاکستان کو دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں۔سیریز کا ابتدائی ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا،طویل طرز کی کرکٹ کے اگلے دونوں میچز ایجز باؤل ساؤتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک جاری رہے گا۔

دونوں ٹیمیں سیریز میں شامل تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے ایک بار پھراولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کا رخ کریں گی، جہاں 28 اور 30 اگست کے علاوہ یکم ستمبر کو میچز کھیلے جائیں گے۔قومی ٹیم 29 جون سے وورسٹر شائر میں موجود ہے،جہاں قومی سکواڈ میں شامل کرکٹرز 14 روزہ قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں، اس دوران قومی کھلاڑی ٹریننگ اور پریکٹس کے علاوہ انٹر اسکواڈ میچز بھی کھیل رہے ہیں۔ قومی ٹیم 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوگی جہاں سے یکم اگست کو ٹیم مانچسٹر پہنچے گی۔

error: Content is protected !!