فیصل آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)فیصل آباد میں قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی ملک بنیامین کی دعوت ولیمہ میں شرکت کیلئے آیا نوجوان اپنی ہی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ایس ایس پی آپریشن محمد کاشف کے مطابق لاہور کا رہائشی علی نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ قومی کبڈی کھلاڑی ملک بنیامین کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لیے فیصل آباد کے علاقے چک نمبر 102 ر ب بڈا چک آیا تھا۔
پولیس کے مطابق نوجوان نے اپنے پستول سے فائرنگ کی تو اس دوران گولی پستول میں ہی پھنس گئی جسے نکالتے ہوئے گولی چل گئی اور اپنی ہی گولی لگنے سے علی زخمی ہو گیا۔علی کے ساتھی اسے زخمی حالت میں لاہور لے کر آئے لیکن علی اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔
مقامی پولیس کا کہنا ہےکہ پولیس کو کئی گھنٹے بعد اس واقعہ کا علم ہوا جس پر پولیس ٹیم لاش لانے کے لیے لاہور روانہ ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروا کر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔