لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے بیس بال کے لئے پہلے سٹیڈیم کی فراہمی کی یقین دہانی کرادی۔ وزیر کھیل نے یہ یقین دھانی سید فخر علی شاہ کی سربراہی میں پاکستان فیڈریشن بیس بال اور پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کے مشترکہ وفد کو دی۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن کے صدر سید فخرعلی شاہ نے پنجاب کے وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی سے اُن کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فخر شاہ نے وزیر کھیل کو بیس بال کی ڈیویلپ منٹ اور پروموشن کے لئے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔ سید فخر علی شاہ کے مطابق بیس بال کا کھیل پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کررہا ہے۔
سید فخر شاہ کے مطابق بیس بال کو انٹر بورڈ سپورٹس میں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ جس میں پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز حصہ لیتے ہیں۔ اس وجہ سے اب بیس بال سکول اور کالج لیول پر بھی شروع ہوجائے گی جس سے ہمیں پاکستان کی یوتھ، ویمن اور سینئر بیس بال ٹیم کے لئے نوجوان کھلاڑی میسر ہوں گے۔
سید فخر علی شاہ نے وزیر کھیل کوبتایا کہ پاکستان ایشیا میں پانچویں جبکہ دنیا میں ستائیسویں نمبر ہے لیکن ملک میں بیس بال کا کوئی باقاعدہ گراؤنڈ موجود نہیں ہے اور ہمیں بیس بال کے مقابلے کرکٹ اور فٹ بال کے گراؤنڈز میں منعقد کرنے پڑتے ہیں جس کی وجہ سے بیس بال کی ڈیویلپ منٹ بہت متاثر ہوتی ہے، اگر پنجاب گورنمنٹ ہمیں بیس بال کے لئے کوئی گراؤنڈ دیدے تو یہ ہماری گیم کے لئے بہت بہتر ہوگااور ہم بآسانی نیشنل اور انٹر نیشنل مقابلوں کا انعقا د بھی کرسکتے ہیں۔
شیخ مظہر احمد کے مطابق رائے تیمورخان بھٹی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال بہت اچھا کام کررہی ہے۔ انہوں نے سید فخر علی شاہ کو انٹر بورڈ سپورٹس میں بیس بال کے شامل کئے جانے پر بھی مبارکبا د دی۔ وزیر کھیل نے فخر شاہ کو پنجاب گورنمنٹ کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کہ اگر لاہور میں کوئی مناسب گراؤنڈ خالی ہوا تو وہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کو دیا جائے گا تاکہ بیس بال کے نیشنل اور انٹر نیشنل مقابلوں کا اہتمام کیا جاسکے اور بیس بال کے کھلاڑیوں کو بھی ٹریننگ کے لئے مناسب پلیٹ فارم مل جائے۔