قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا آٹھواں راؤنڈ پیر سے شروع ہو گا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کا آٹھواں راؤنڈ پیرسے شروع ہو رہا ہے اس سے قبل کھیلے گئے راؤنڈ میں بہترین مقابلے دیکھنے کو ملا، ،اس راؤنڈ میں چھ ٹیموں کے مقابین پہلی دوپوزیشنز حاصل کرنے کی دوڑ ہوگی تاکہ وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکیں۔
خیبر پختونخواہ کی سندھ کے خلاف اننگز اور 37 رنز کی فتح کے بعد یہ توقع کی جارہی ہے کہ انکی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہو سکتی ہے،ساتویں راؤنڈ میں اس جیت پر خیبر پختونخواہ نے 25 قیمتی پوائنٹس حاصل کیے تھے اور یہ اس راؤنڈ میں کسی بھی دوسری ٹیم کے مقابلے سب سے زیادہ پوائنٹس تھے۔
دفاعی چیمپئین سنٹرل پنجاب مسلسل دو فتوحات کے بعد اب آخری پوزیشن سے چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
سدرن پنجاب چھٹے راؤنڈ میں ناردرن سے شکست کا سامنا کرنے کے بعد تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے اس سے پہلے چار راؤنڈز میں ٹیبل کی ٹاپ پوزیشن پر موجود رہی،وہ دوسرے نمبر پر موجود ناردرن سے بلوچستان کے خلاف شاندار فتح حاصل کرنے کےبعدمحض ایک پوائنٹ پیچھے ہے۔بلوچستان ایک درجہ تنزلی کے کے بعد پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔
سیزن کے شروع پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد سندھ مسلسل ناقص فارم میں ہے،آخری چھ میچز میں سے تین میں شکست ہوئی ،جس میں آخری دومیچز سندھ کی ٹیم نے مسلسل ہارے اور تین میچز ڈرا ہوئے۔
اس راؤنڈ کے بعد مزید دوہی راؤنڈز باقی ہیں ،سندھ کے کپتان اسد شفیق زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

بلوچستان بمقابلہ سنٹرل پنجاب، اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم

سنٹرل پنجاب نے مسلسل دو کامیابیوں کے ساتھ شاندار کم بیک کیا ہے ۔ سنٹرل پنجاب نے چھٹے راؤنڈ میں سندھ کے خلاف 227 رنز جبکہ ساتویں راؤنڈ میں ناردرن کے خلاف 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔ 8 ویں راؤنڈمیں سنٹرل پنجاب کا مقابلہ بلوچستان کے خلاف ہے اور اس کی کوشش ہو گی کہ وہ کامیابیوں کے تسلسل کو مزید آگے بڑھائے ۔ بلوچستان کی ٹیم اپنے آخری 6 میچز میں تین میچز ہار چکی ہے ۔ اس نے و احد کامیابی فرسٹ کلاس سیزن 21-2020 کے پہلے میچ حاصل کی تھی ۔
‏حسن علی نے فٹنس اور فارم دوبارہ حاصل کر لی ہے وہ اپنی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو بھی لیڈ کر رہے ہیں ۔ حسن علی نے سنٹرل پنجاب کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ فاسٹ بولر نے آخری تین میچز میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ حسن علی مجموعی طور پر 20 وکٹیں 21.05 کی اوسط سے حاصل کر چکے ہیں اور زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں 8 ویں نمبر پر ہیں ۔
‏ وقاص مقصود اور احمد صفی عبداللہ نے بھی بولنگ کے شعبے میں اپنا حصہ ڈالا ہے ۔ وقاص مقصود سب سےزیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر ہیں انہوں نے 21.43 کی اوسط سے 28 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں جبکہ احمد صفی عبداللہ 21.61 کی اوسط سے 28 وکٹیں لے چکے ہیں ۔ ان دونوں بولروں کی وجہ سے بولنگ یونٹ مزید مضبوط ہوا ہے ۔ وقاص مقصود زیادہ وکٹیں لینے والے بولروں کی فہرست میں تیسرے اور احمد صفی عبداللہ 5 ویں نمبر پر ہیں ۔
‏کپتان حسن علی اپنے بیٹسمینوں سے بھی امیدیں لگائے ہو ئے ہیں کہ وہ ٹورنامنٹ کے اختتام تک اپنی کارکردگی سے ضرور حصہ ڈالیں گے ۔ گزشتہ میچ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کو 243 رنز تک تو محدود رکھا لیکن سنٹرل پنجاب کی ٹیم جواب میں نو رنز کم پر آؤٹ ہو گئی جبکہ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس کی چار وکٹیں گر گئی تھیں ۔
‏بلوچستان کی ٹیم گزشتہ راؤنڈ کی کارکردگی کو بھلانا چاہے گی ۔بلوچستان کے 154 رنز پر دو کھلاڑی آؤٹ تھے لیکن پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 199 رنز پر آؤٹ ہو گئی ، جس میں فاسٹ بولر ضیاء الحق نے 35 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں ، اس طرح اسے سدرن پنجاب سے 205 رنز کے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا ۔
‏بلوچستان کے کپتان بسمہ اللہ خان ضرور یہ امید کر رہے ہوں گے کہ ان کی بیٹنگ لائن اپ اچھا پرفارم کرے گی ۔ 37 سالہ بیٹسمین اکبر الرحمان نے 44.50 کی اوسط سے 445 رنز بنا ئے اور زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں 8 ویں نمبر پر ہیں ۔ بلوچستان کے پہلے بہترین بیٹسمین اور دوسرے بہترین بیٹسمین میں خلیج پیدا زیادہ ہے ۔ دوسرے بہترین بیٹسمین علی وقاص 40 رنز کی اوسط سے 360 رنز بنا چکے ہیں اور ان کا فہرست میں 20 واں نمبر ہے ۔ بلوچستان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے مزید آگے بڑھنے کے ساتھ گیپ کو کم کرنے کی ضرور خواہشمند ہو گی ۔
‏بلوچستان کے بولروں نے انفرادی طور پر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ تاج ولی نے سات میچز میں 23 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ کاشف بھٹی نے 44.68 کی اوسط سے 19 جلات خان نے 18 وکٹیں 26.61 اور خرم شہزاد نے 18 وکٹیں 27.89 کی اوسط سے حاصل کر رکھی ہیں ۔ زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کی فہرست میں ان کا چھٹا ، نواں ، 10 واں اور 11 واں نمبر ہے ۔

سندھ بمقابلہ ناردرن ، نیشنل اسٹیڈیم (براڈ کاسٹ میچ)

نیشنل اسٹیڈیم ان دو ٹیموں کے درمیان ہونےو الے میچ کی میزبانی کرے گا جو اس موقع پر کامیابی حاصل کرنے کی خواہشمند ہیں ۔ دونوں ٹیمیں شکست کھانے کے بعد یہ راؤنڈ کھیل رہی ہیں ۔ ناردرن کو شکست کے بعد اپنی ٹاپ پوزیشن سے ہاتھ دھونے پڑے جبکہ سندھ کی ٹیم چوتھے سے آخری نمبر پر چلی گئی ۔
‏ اس سے پہلے جب دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا تھا تو تب ناردرن نے سندھ کو 128 رنز سے شکست دی تھی ۔
‏ ناردرن کے کپتان نعمان علی اس و قت بھرپور فارم میں ہیں ۔ وہ ٹورنامنٹ کے واحد بولر ہیں جنہوں نے پچاس وکٹوں کا سنگ میل عبور کیا ہے ۔ 24 سالہ لیفٹ آرم اسپنر نے 20.67 کی اوسط سے 54 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔ نعمان علی واحد بولر ہیں جنہوں نے 5 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ وہ ایک بار پھر اپنے بولنگ اٹیک کو لیڈ کریں گے ۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب انہوں نے گزشتہ میچ میں 153 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں ۔
‏ ناردرن کی بیٹنگ لائن اپ کو حماد اعظم (641 رنز ، 64.10 کی اوسط )، عمر امین (558 رنز 50.73 کی اوسط )اور محمد نواز (531 رنز 59 کی اوسط ) نے مضبوط بنا رکھا ہے ۔ یہ بیٹسمین ٹاپ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے ، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں ۔
‏سندھ کے شرجیل خان نے آخری چار اننگز میں تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں ۔ کپتان اسد شفیق کی خواہش ہو گی کہ شرجیل خان براڈ کاسٹ کیمروں کے سامنے اسی طرح رنز کریں۔ یہ میچ پاکستان میں پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست دکھایا جائے گا جبکہ دنیا بھر میں پی سی بی یو ٹیوب چینل کے ذریعے دیکھا جا سکے گا ۔
‏ 25 سالہ سعود شکیل نے آخری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی تھی ۔ با ئیں ہاتھ کے بیٹسمین سندھ کی بیٹنگ لائن میں اہم حیثیت رکھتے ہیں ، وہ ٹورنامنٹ کے تیسرے بہترین بیٹسمین ہیں انہوں نے 50.54 کی اوسط سے 657 رنز بنائے ہیں ۔
‏ 36 سالہ فاسٹ بولر تابش خان سندھ کے کامیاب ترین بولر ہیں ۔ انہوں نے 30.82 کی اوسط سے 22 شکار کیے ہیں۔

سدرن پنجاب بمقابلہ خیبر پختونخواہ ۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس

سدرن پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہوں گی ۔ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر موجود خیبر پختونخواہ (117 ) سے سدرن پنجاب کی ٹیم 14 پوائنٹس پیچھے ہے ۔
‏ اس میچ میں ٹورنامنٹ کے تین بہترین اسپنرز میں سے دو بہترین اسپنر آمنے سامنے ہوں گے ۔ خیبر پختونخواہ کے ساجد خان ٹاپ بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں ۔ انہوں نے 46 وکٹیں 22.57 کی اوسط سے حاصل کر رکھی ہیں ۔ سدرن پنجاب کے زاہد محمود زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں انہوں نے 22.69 کی اوسط سے 39 شکار کیے ہیں۔
‏اسی میچ میں اب تک کے دو بہترین بیٹسمین کامران غلام اور سلمان علی آغا بھی ایکشن میں ہوں گے ۔
‏خیبر پختونخواہ کے کامران غلام نے دونوں سنچریاں آخری دو میچز میں اسکور کی ہیں ۔ وہ اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں ۔ انہوں نے 713 رنز 54.85 کی اوسط سے بنائے ہوئے ہیں ۔ دائیں ہاتھ کے 25 سالہ بیٹسمین نے تین نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہو ئی ہیں ۔
‏ سدرن پنجاب کے سلمان علی آغاز ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 665 رنز 66.50 کی اوسط سے بنا چکے ہیں ۔ زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں میں وہ دوسرے نمبر پر ہیں ۔
‏خیبر پختونخواہ کی تمام چار فتوحات گزشتہ پانچ میچز میں سامنے آئی ہیں ۔ جبکہ آخری پانچ میچز میں سے سدرن پنجاب نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ، جبکہ دو میچز میں اسے شکست ہوئی اور دو برابر ہوئے ۔
‏رواں سیزن میں جب دونوں ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے آئی تھیں تو خیبر پختونخواہ نے 75 رنز سے کامیابی حاصل کی ۔

error: Content is protected !!