پشاور(مسرت اللہ جان )ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخواہ اسفندیار خٹک نے خونگی بالا دیر میں بیڈمنٹن ہال میں پرائیویٹ تقریب منعقد کرنے اور لاکھوں روپے کی قیمتی میٹ پر کرسیاں رکھنے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کردئیے جبکہ بیڈمنٹن کورٹ میں پڑے قیمتی میٹ کو فوری طور پر وہاں سے اٹھانے کے احکامات جاری کردئیے ہیں یہ اقدام انہوں نے تیمرگرہ میں بیڈمنٹن ہال میں قیمتی میٹ پر سکول کی پرائیویٹ تقریب منعقد کرنے سے متعلق پرنٹ اور سوشل میڈیا پر آنیوالے خبروں کے بعد اٹھایا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ قیمتی میٹ کو کرسیاں رکھ کر تباہ وبرباد کیا گیا جبکہ اس پر مقامی کھلاڑیوں نے بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا بیڈمنٹن کے قیمتی میٹ کی بدحالی پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخواہ اسفندیار خٹک نے فوری طور پر انکوائری کے احکامات جاری کردئیے ہیں جبکہ میٹ کو فوری طور پر ہٹانے کے احکامات بھی دئیے ہیں- ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخواہ کے مطابق ہماری کوشش ہے کہ کھیلوں کی سہولیات ہر جگہ پر فراہم کریں اور کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم ہوں تاہم ایسی سنگین غلطیاں نہ صرف سپورٹس ڈائریکٹریٹ کیلئے بلکہ کھلاڑیوں کیلئے بھی مسائل پیدا کرتی ہیں- انکے مطابق کھیلوں کی سہولیات صوبے کے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کا سپورٹس ڈائریکٹریٹ کا عزم ہے –