قائد اعظم ٹرافی کا نواں راؤنڈ اتوار سے شروع ہوگا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)فرسٹ کلاس قائد اعظم ٹرافی 21- 2020 میں دلچسپ مقابلے ہوئے ہیں نویں راؤنڈ کا آغاز اتوار سے ہو رہا ہے جس کے بعد ایک راؤنڈ باقی رہ جائے گا نویں راؤنڈ میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلی دو پوزیشنوں کے حصول کے لئیے بھرپور جنگ ہو گی، ٹاپ دو ٹیموں نے ہی نیشنل اسٹیڈیم میں یکم سے 5 جنوری تک ہونے والا پانچ روزہ فائنل کھیلنا ہے ۔

خیبرپختونخواہ بمقابلہ سنٹرل پنجاب ، نیشنل اسٹیڈیم (براڈ کاسٹ میچ)

دونوں ٹیمیں اس وقت بھرپور فارم میں ہیں ، لگاتار تین کامیابیاں حاصل کرنے کے دونوں ٹیمیں یہ میچ کھیل رہی ہیں ۔ یہ چار روزہ میچ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیا جائے گاجبکہ پی سی بی یو ٹیوپ چینل سے دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔
‏ پوائنٹس ٹیبل پر خیبر پختونخواہ کی پوزیشن آخری میچ میں سدرن پنجاب کو دس وکٹوں سے شکست دے کر مستحکم ہو ئی ہے ۔ خیبر پختونخواہ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چھ ٹیموں میں سے ٹاپ پرہے، اسے دوسرے نمبر پر موجود ناردرن سے 29 پوائنٹس سے برتری حاصل ہے ۔
‏خیپر پختونخواہ کی کامیابی میں کامران غلام اور ساجد خان نے بھرپور حصہ ڈالا ہے ۔ کپتان خالد عثمان اس راؤنڈ میں ان سے مزید توقعات وابستہ کیے ہو ئےہیں ۔
‏25 سالہ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کامران غلام نے اس سیزن میں اب تک سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں ، وہ بیٹسمینوں کی فہرست میں 62 سےزائدکی اوسط کے ساتھ 873 رنز بنا کر ٹاپ پر ہیں ۔ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میں وہ اب تک 800 سے زائد رنز بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں ۔ انہوں نے تینوں سنچریاں اپنے آخری تین میچز میں اسکور کی ہیں ۔
‏ آف اسپنر ساجد خان نے آخری دو میچز میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ انہوں نے سندھ کے خلاف دوسری اننگز میں پانچ اور سدرن پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔
‏ ٹورنامنٹ کے وسط تک پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے والی دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے حیران کن کم بیک کیا ہے اور اب یہ مضبوط قوت بن چکی ہے ۔ تین کامیابیوں میں کپتان حسن علی نے آگے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے 22 وکٹیں حاصل کیںاور 50 ناٹ آوٹ رنز کی اننگز بھی کھیلی ۔ پیسر وقاص مقصود 20.62کی اوسط سے 34 وکٹیں حاصل کر کے فاسٹ بالروں میں ٹاپ پر ہیں ۔ احمد صفی عبداللہ نے بھی کپتان کو بہت اسپورٹ کیا ہے انہوں نے 24.14 کی اوسط سے 28 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔
‏ علی زریاب سنٹرل پنجاب کے واحد بیٹسمین ہیں جنہوں نے رواں سیزن میں سنچری اسکور کی ہے ۔ سنٹرل پنجاب پر امید ہے کہ اوپنر عثمان صلاح الدین کے ساتھ مل کر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ عثمان صلاح الدین نے 8 میچز میں 525 رنز بنائے ہیں وہ سنٹرل پنجاب کی جانب سے سب سےزیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔

ناردرن بمقابلہ بلوچستان یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس

نعمان علی کی قیادت میں کھیلنے والی ناردرن کی ٹیم ٹورنامنٹ کے نویں راؤنڈ میں 18 سالہ مبصر خان اور آل راونڈر حما د اعظم کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ داخل ہورہی ہے ۔ دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بدولت ناردرن کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے اور وہ اب لگاتار دوسرے سیزن میں قا ئد اعظم ٹرافی کا فائنل کھیلنے کے لیے امیدوار ہے ۔
‏مبصر خان اور حماد اعظم کے درمیان سندھ کے خلاف میچ میں 294 رنز کی شاندار پارٹنر شپ ہوئی، اس پارٹنر شپ سے ٹیم مزید متحرک ہو ئی ہے ۔ مبصر خان نے ڈبیو پر سنچری اسکور کی جبکہ حماد اعظم نے سیزن کی دوسری سنچری اسکور کی ہے ۔ وہ اس وقت ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔
‏ نعمان علی خود بولنگ میں ایک بڑا ہتھیار ہیں انہوں نے 55 وکٹیں حاصل کی ہو ئی ہیں ۔ ان میں پانچ مرتبہ پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں ۔ نعمان علی اس سیزن کے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں ۔
‏بلوچستان کی ٹیم دو راؤنڈز کی کارکردگی کی بنیاد پر اب پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے ۔ اس سے قبل بلوچستان کا چوتھا نمبر تھا ۔ گزشتہ سیزن میں بلوچستان کا پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر تھا اس مرتبہ بلوچستان کی کوشش ہو گی کہ وہ اپنی قسمت کو تبدیل کریں ۔ بلوچستان نے اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی تھی اس کے بعد چار میچز میں شکست ہو ئی جبکہ تین میچز برابر رہے ۔
‏35 سالہ اسپنر جلات خان 24 وکٹوں کے ساتھ بلوچستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں ۔ جبکہ 37 سالہ اکبر الرحمان سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں انہوں نے چھ میچز میں 481 رنز بنائے ہیں۔

سندھ بمقابلہ سدرن پنجاب ، اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم

اسد شفیق کی قیادت میں سندھ کی ٹیم گزشتہ راؤنڈ کے آخری روز فیورٹ کی حیثیت سے میدان میں داخل ہوئی لیکن ناردرن کے مبصر خان اور حماد اعظم کی عمدہ اننگز نے سندھ کی ٹیم کو رواں سیزن کی دوسری کامیابی حاصل کرنے نہ دی ۔
‏میچ ڈراہونے کے بعد سندھ کی پوائنٹس ٹیبل پر ایک درجے بہتری آئی اور وہ پانچویں نمبر پر آگئی ۔ لیکن جیت کی صورت میں ملنے والے 16 پوائنٹس بڑی اہمیت کے حامل تھے ۔ لیکن اب وہ سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں ضرور امید لگائے ہوں گے۔
‏25 سالہ سعود شکیل سیزن میں اب تک 738 رنز بنا چکے ہیں ۔ وہ ٹاپ بیٹسیمنوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں ۔ شرجیل خان سنچری بنانے کے بعد بیٹسمینوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ اسد شفیق کی سنچری نے بھی بیٹنگ لائن اپ کو اٹھایا ہے ۔
‏شاہنواز دھانی کی جب سے فرسٹ الیون میں ترقی ہو ئی ہے انہوں نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ 22 سالہ بولر نے 30.35کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ وہ اب تک پانچ وکٹوں کا اعزاز تو حاصل نہیں کر سکے لیکن آنے والے میچز میں وہ اس اعزاز کے لیے پر ا مید ہوں گے ۔
‏سدرن پنجاب کو گزشتہ راؤنڈ میں پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ ٹیم خیبر پختونخواہ سے 10 وکٹوں سے شکست ہوئی ۔ سدرن پنجاب کی ٹیم فالوآن پر مجبور ہوئی اور پھر حریف ٹیم کو چار رنز کا ٹارگٹ دیا جو اس نے تین گیندوں پر حاصل کر لیا۔
‏ زاہد محمود نے توقعات پر پورا اترنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے انہوں نے 163 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ اپنی ٹیم کے بولنگ اٹیک کو لیڈ کرنے والے زاہد محمود رواں سیزن میں زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں ۔
‏ عامر یامین( پہلی اننگز میں 93) اور محمد عمیر (دوسری اننگز میں 77) نے نصف سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم کے ٹاپ اسکور سلمان علی آغاز کو اسپورٹ فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے ۔ سلمان علی آغا 716 رنز بنا چکے ہیں۔

error: Content is protected !!