ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،نمیبیا آئرلینڈ کو شکست دیکر سپر 12مرحلے میں داخل

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں نمیبیا نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا اور گروپ 2 میں جگہ بنالی جہاں پاکستان بھی موجود ہے۔

جمعے کے روز کھیلے گئے فرسٹ راؤنڈ کے پہلے میچ میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔

آئر لینڈ کی جانب سے پال اسڑلنگ 38 اور کیون اوبرائن 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جواب میں  نمیبیا نے 126 رنز کا ہدف با آسانی 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور یوں وہ سپر 12 مرحلے میں پہنچ گیا۔

نمیبیا کی جانب سے کپتان اراسمس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 53 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اس کے علاوہ ڈیوڈ ویزے نے 28 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں مدد کی۔

نمیبیا سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 میں شامل ہوگیا ہے جہاں پہلے ہی پاکستان، بھارت، اسکاٹ لینڈ، افغانستان اور نیوزی لینڈ موجود ہیں۔

پہلے راؤنڈ میں آج دوسرا میچ سری لنکا اور نیدرلینڈ کے درمیان جاری ہے تاہم سری لنکا پہلے کی سپر 12 کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے اور گروپ 1 کا حصہ ہے۔

گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش اور سری لنکا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے۔

error: Content is protected !!