جونیئر ہاکی ورلڈ کپ،قومی ٹیم کے دو روزہ ٹرائلز کل شروع ہونگے

جونیئرعالمی ہاکی کپ میں شرکت کرنے والی 18 رکنی قومی جونیئر سکواڈ کی حتمی تشکیل کے لئے دوروزہ ٹرائلز29 اور30اکتوبر عبدالستارایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی ہونگے۔ قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی دوروزہ ٹرائلز میں قومی جونیئر ہاکی تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور صلاحیتوں کا جائزہ لے گی اور پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کی جانب سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی تشکیل کے دوران حتمی منظوری کے لئے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر ر خالد سجاد کھوکھر بھی موجود ہونگے جبکہ سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن اولمپین آصف باجوہ بھی انکے ہمراہ کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کے لئے موجود ہونگے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کو 29 اور 30اکتوبر کو عبدالستار ایدھی ہاکی سٹیڈیم کراچی میں دوروزہ ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی حتمی تشکیل کے لئے لیٹر جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہاکی سلیکشن کمیٹی میں اولمپین منظور جونیئر،(چیئرمین)، اولمپین کلیم اللہ، اولمپین ناصر علی، اولمپین ایاز محمود، اولمپین خالد حمید اور اولمپین وسیم فیروزشامل ہیں۔


پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم اور قومی سینئر ہاکی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے مابین پریکٹس میچز لاہور میں کھلائے جائینگے۔قومی جونیئر ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے سینئر ہاکی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس میچز کے سلسلہ میں 3 نومبر کو لاہور پہنچے گی جہاں چارمیچز کھیلے جائینگے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام پہلے دو میچز چھ اور سات نومبر کو کھیلے جائینگے جبکہ آٹھ نومبر کو ایک روزہ وقفہ کے بعد نو اور دس نومبر کو آخری دو میچز کھیلے جائینگے۔


عالمی جونیئر ہاکی کپ انڈیا کے شہر بھوبنیشور میں24 نومبر تا 5 دسمبر کھیلا جائیگا۔پاکستان جونیئرز ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ جرمنی کے خلاف 24 نومبر کو کھیلے گی جبکہ 27 نومبر کو پاکستان مصر کے مدمقابل نبرد آزما ہوگا۔قومی ہاکی سکواڈ ارجنٹائن کے خلاف پول راؤنڈ کا اپنا آخری میچ28 نومبر کو کھیلے گا۔

error: Content is protected !!