ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن وائٹس نے بلوچستان وائٹس کو 63 رنز سے شکست دے دی۔ 264 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز ہی بناسکی۔ اوپنر عثمان غنی نے 51 رنز اسکور کیے۔ آذان کبیر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل ناردرن نے عصمت اللہ، ارسلان علی اور عبداللہ سہیل کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان 263 رنز بنائے۔ عصمت اللہ اور ارسلان علی بالترتیب 69 اور 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عبداللہ سہیل نے 51 رنز بنائے۔
ہیڈ محمد والا گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب وائٹس نے سندھ وائٹس کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔حسیب احمد اور عبدالرسول کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت سندھ کی پوری ٹیم 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ دونوں کھلاڑیوں نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہارون ارشد 54 اور نعمان علی 52 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔جواب میں علی حسنین بادشاہ کے ناقابل شکست 81 رنز کی بدولت سدرن پنجاب نے مطلوبہ ہدف 35.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
زواری کرکٹ گراؤنڈ ملتان میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا وائٹس نے سینٹرل پنجاب وائٹس کو 20 رنز سے شکست دے دی۔ 242 رنز کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم تین گیندیں قبل 221 رنز پر ہمت ہارگئی۔ اوپنر طیب عارف کے 88 رنز رائیگاں گئے۔ کے پی کے عادل وحید نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے پی نے مقررہ 45 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے تھے۔ اوپنر ریاض اللہ نے 77 اور محمد اویس 54 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔ یاسین بلال نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔