پاکستان سپر لیگ کے 12 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد زمان خان کے شان دار آخری اوور کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کے اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر بہترین آغاز کرتے ہوئے 7 اوورز میں 83 رنز بنائے۔عبداللہ شفیق 8 ویں اوور کی دوسری گیند پر آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جنہوں نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی۔
قلندرز کے دوسرے آئوٹ ہونے والے بلے باز کامران غلام تھے جو صرف 2 رنز بناسکے اور 86 کے مجموعے پر مبشر خان کی گیند پر منرو کو کیچ دے گئے۔رواں سیزن میں سنچری بنانے والے فخر زمان نے 27 گیندوں کا سامنا کیا اور38 رنز بنا کر 93 رنز کے مجموعی سکور پرآئوٹ ہوئے، جو قلندرز کی تیسری وکٹ تھی۔محمد حفیظ 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے تو قلندرز کا سکور 97 رنز پر پہنچا تھا اور قلندرز کی 4 اہم وکٹیں گر چکی تھیں۔ایک اچھے آغاز کے بعد 100 رنز مکمل ہونے سے قبل ہی قلندرز کے 5 بلے باز آئوٹ ہوئے اور فل سالٹ 2 رنز بنا کر 98 کے سکور پر پویلین سدھار گئے۔اس موقعے پر ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے نے ٹیم کا سنبھالا اور اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے سکور 149 رنز تک پہنچایا۔ویزے 20 رنز بنا کر وقاص مقصود کی گیند پر وکٹ کیپر اعظم خان کا کیچ بنے۔ہیری بروک 26 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز کی اننگز کھیل کر آخری اوور کی پہلی گیند پر آئوٹ ہونے والے ساتویں بلے باز تھے۔
راشد خان نے دوسرے اینڈ سے آئوٹ ہوئے بغیر 15 رنز بنائے۔کپتان شاہین شاہ آفریدی 4 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔حارث رئوف صفر پر وقاص مقصود کی آخری وکٹ بن گئے۔لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 174 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان اور وقاص مقصود نے4،4 وکٹیں حاصل کیں۔یونائیٹڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلی وکٹ 16 رنز پر گری، جب الیکس ہیلز 11 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے کر آئوٹ ہوئے۔پال سٹرلنگ بھی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے اور 10 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 14 رنز بنا کر 37 کے سکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔کولن منرو اور شاداب خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی اور اس دوران منرو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 166 رنز بنائے اور میچ میں 8 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔قلندرز کے زمان خان نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور 3 رنز دے کر آصف علی جیسے جارح مزاج بلے باز کی وکٹ حاصل کرکے ٹیم کو شان دار فتح دلائی۔