پشاور(سپورٹس رپورٹر)سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ سائوتھ ایشین گیمزآئندہ سال پاکستان میں منعقد ہورہی ہیں جن کے لئے سب کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا تا کہ ان گیمز کو کامیاب کیا جائے اور دنیا بھر میں پاکستان کا سافٹ امیج جاسکے گزشتہ روز پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے بھی تجویز پیش کی تھی کہ سائوتھ ایشین گیمز کے ایونٹس خیبرپختونخوامیں بھی ہونے چاہئیں خیبرپختونخوا کو اس میں نمائندگی ملنی چاہئے
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مردان میں بہترین انڈور جمنازیم موجود ہے اس کیساتھ پشاور میں بھی کھیلوں کی شاندار سہولتیں ہیں اور یہاں بھی باآسانی ایونٹس کا انعقادکیا جاسکتا ہے یہاں ہم نے کئی مرتبہ نیشنل گیمز’انٹرپراونشل گیمز’ریسلنگ اور دیگر انٹرنیشنل مقابلے کرائے اور امید ہے کہ خیبرپختونخوا کو سائوتھ ایشین گیمز کے ایونٹس ضرور دئیے جائیں گے اور خیبرپختونخوا کے نام پر غور ہوگا انہوں نے کہا کہ ہونیوالے اجلاسوں میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں ایونٹس رکھنے پر غور ہوا خیبرپختونخوا اور کراچی کی تجاویز بھی زیر غور ہیں انہوں نے کہا کہ سائوتھ ایشین گیمز کو کامیابی کیساتھ منعقد کرنے کے لئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کیساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھرپور تعاون کرنا ہوگا اور دونوں کو ایک پیج پر رہ کرکھیلوں کے اس انٹرنیشنل ایونٹ کو کامیاب بنانا ہوگا
انہوں نے کہا کہ صرف ایک یونٹ کسی بھی کھیل کو کامیابی نہیں کرسکتا سب کو مل کر اس کو کامیاب بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کوئی بھی انٹرنیشنل ایونٹ پشاور یا صوبے کے کسی بھی ضلع میں منعقد کرنے کے لئے پرعزم اور تیار ہے ‘ سائوتھ ایشین گیمز کا انعقاد پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہوگا اور ان گیمز کے ایونٹس میں سے کم از کم تین ایونٹس کی میزبانی خیبرپختونخوا کو ملنی چاہئے تا کہ خیبرپختونخوا میں بھی اس سے کھیلوں کو فروغ دینے میں بھرپور مدد ملے گی ۔