جرمن لیجنڈ ہاکی اولمپئین سٹیفن بلاکر کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات

پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے جرمن لیجنڈ ہاکی اولمپین سٹیفن بلاکر(بلوشر) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اولمپین آصف باجوہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں سابق جرمن ہاکی لیجنڈ نے پاکستان ہکای فیڈریشن کی جانب سے ہاکی کے کھیل کے فروغ اور اسکی ترویج و ترقی کے پلان پر سیر حاصل گفتگو کی اور پی ایچ ایف کے اقدامات کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے پی ایچ ایف کے زیراہتمام قومی ہاکی تربیتی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل سے متعلقہ مہارتوں پر خصوصی لیکچر بھی دیا۔ انہوں نے اس موقع پر کھلاڑیوں سے بات چیت بھی کی اور مفید مشورے دیئے۔

 

دو مرتبہ اولمپکس سلور میڈلسٹ جرمن ہاکی اولمپین سٹیفن بلاکر(المعروف بروشر) نے خصوصی طور پر ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو ایک قابل کوچ کی خدمات حاصل ہیں اور کھلاڑیوں کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد انکو یورپ میں کھیل کے میدانوں میں کھیلتا ہوا دیکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا مرکز رہا ہے جس نےماضی میں فتوحات اور تما م بڑے اعزازات حاصل کئے۔ انہوں نے کہا کہ اُمید کرتا ہوں کہ پاکستان جلد بام عروج پر جلوہ افروز ہوگا۔دنیائے ہاکی کے لیجنڈ کھلاڑیوں سابق جرمن ہاکی سٹار اولمپین سٹیفن بلاکر(بلوشر) اور فاتح 1984 اولمپکس لیجنڈ اولمپین منظور جونیئر کی ملاقات بھی اس موقع پرہوئی۔

 

 

دو سابق روایتی حریفوں نے ایکدوسرے کو دیکھ کر بےحد مسرت محسوس کی اور یاد ماضی کو تازہ کرنے کے لئے آپس میں ہاکی اور گیند کا تال میل بنایا۔اولمپکس میں دو مرتبہ سلورمیڈل جیتنے والے سٹیفن بلاکر (المعروف بلوشر) نے ازراہ تفنن دنیائے ہاکی میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے پاکستان کے فاتح اولمپکس ، ورلڈ کپ ، چیمپینز ٹرافی، جونیئر ورلڈ کپ، ایشین گیمز گولڈمیڈلسٹ کھلاڑی منظور جونیئر کو ہاکی اور گیند کے ہمراہ کھیل کے جوہر دکھانے کی دعوت دی جس پر چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین منظور جونیئر نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے ہاکی اور گیند کے ساتھ اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ دونوں کھلاڑیوں نے گیند اور ہاکی کے ساتھ تال میل بنایا اور یاد ماضی کو تازہ کیا۔ دنیائے ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں کو ایکبار پھر سے ایکدوسرے کے ساتھ کھیلتے اور گیند کو انکی ہاکیوں پر رقصاں دیکھ کر سٹیڈیم میں موجود حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔

error: Content is protected !!