اطالوی ٹینس فیڈریشن کے صدر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ابھی تک ویکسی نیشن نہ کرانے کے باوجود سربیا کے نامور ٹینس سٹار اور عالمی نمبرایک نوویک جوکووچ کو آئندہ ماہ روم میں ہونے والے اطالوی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے گی ۔یہ ٹورنا منٹ 8سے 15 مئی تک جاری رہے گا۔اینجلو بنگھی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے 2سال بعد شائقین کو پہلی بار 100 فیصد سٹینڈز میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی ۔
عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ پانچ مرتبہ اٹالین اوپن جیت چکے ہیں۔ گزشتہ سال سربیا کے کھلاڑی فائنل میں پہنچے تھے لیکن ان کو سپین کے رافیل نڈال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔نوویک جوکووچ کووڈ 19ویکسی نیشن نہ لگوانے کے باعث رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن ٹائٹل کا دفاع نہیں کر سکے تھے اور ان کو ویکسین نہ لگوانے کی وجہ سے ملک سے نکال دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ ان کو امریکا میں کوویڈ۔ 19 کی سفری پابندیوں کی وجہ سے انڈین ویلز، کیلیفورنیا اور میامی میں ہونے والے ٹورنامنٹس کو بھی چھوڑنا پڑا۔جوکووچ نے حال ہی میں مونٹی کارلو ماسٹرز میں شرکت کی تھی لیکن وہ اپنا ابتدائی میچ الیجینڈرو ڈیوڈوچ فوکینا سے ہار گئے تھے۔