پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر عابد علی جنہیں گزشتہ سال دسمبر میں قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میچ کے دوران دل کی تکلیف کے بعد کرکٹ کے میدانوں سے باہر ہونا پڑا تھا کو اب ڈاکٹروں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیدی ہے عابد علی جن کی انجیوپلاسٹی کی گئی تھی کو پہلے ڈاکٹروں نے ہلکی پھلکی ورزش کی اجازت دی تھی جس کے بعد ڈاکٹروں کی نگرانی کے بعد عابد علی نے ایک خاص رفتار کے ساتھ دوڑنا بھی شروع کیا جبکہ اس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں لاہور کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں نیٹ پریکٹس کی بھی اجازت دی اور اب ڈاکٹروں کے مطابق عابد علی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے مکمل طور پر فٹ ہیں، اس حوالے سے اوپنر عابد علی کا کہنا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ میں دوبارہ کرکٹ کے میدانوں میں واپس آگیا ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ مکمل طور پر فٹ ہوں، ان کا کہنا ہے کہ بہت جلد پاکستان کی ٹیم میں شامل ہو جائوں گا