پاکستان کے 12 ایتھلیٹس کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی سالیڈیریٹی نے سکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی او سی نے سمر اولمپکس گیمز پیرس کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کے 12 کھلاڑیوں کو سکالر شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سکالرشپ پانے والوں میں جیولین تھرور ارشد ندیم، خاتون بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد و دیگر شامل ہیں۔ سکالر شپ کے لیے سوئمنگ، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ، ٹیبل ٹینس اور شوٹنگ کے کھلاڑی بھی حقدار قرار پائے ہیں۔آئی او سی کے سکالر شپ پروگرام کے تحت ایتھلیٹس کو تیاریوں کے سلسلے میں بہترین سہولیات مہیا کی جائیں گی۔اولمپکس کی تیاری کے لیے ہر ایتھلیٹ کو 650 ڈالر آج کے حساب سے1لاکھ 21 ہزار 582 روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ سکالر شپ کے حقدار دیگر کھلاڑیوں میں عثمان چاند، گلفام جوزف، انا ابتسام، کشمالہ طلعت، رسم گل، جہاں آرا نبی، پرنیا زمان خان، محمد نوح دستگیر بٹ شامل ہیں۔پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے ایتھلیٹس کی سکالر شپ کے لیے آئی او سی کو درخواست کی تھی، جو اب قبول کرلی گئی ہے۔