قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر یاسر عرفات نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے انہیں انڈین پریمئیر لیگ کی مقبول فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو تین سالہ کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر یاسر عرفات نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انڈین پریمئیر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پی سی بی نے کچھ کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے تھے جن میں میرا نام شامل نہیں تھا، جس کے باعث میں ٹورنامنٹ نہ کھیل سکا۔انہوں نے بتایا کہ 2008 میں کینٹ کے لیے کائونٹی کرکٹ کھیل رہا تھا، جہاں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی خصوصی ٹیم مجھ سے ملنے آئی تھی، انتظامیہ کا کہنا تھا کہ کنگ خان چاہتے ہیں کہ آپ انکی ٹیم کی طرف سے کھیلیں۔فاسٹ بولر نے کہا کہ مجھے شروع میں یہ ایک مذاق لگا کہ شاہ رخ کسی کو کنٹریکٹ کے حوالے سے بات کرنے کے لیے کیوں بھیجیں گے۔ انہوں نے مجھے ایک کارڈ بھی دیا اور میرے رابطے کی تفصیلات بھی لے لیں۔جس کے چند ہفتوں بعد مجھے ایک ای میل موصول ہوئی جہاں انہوں نے رابطہ نہ کرنے کی شکایت کی۔ انہوں نے مجھے دوبارہ تین سال کے معاہدے کی پیشکش کی جہاں شاہ رخ نے خود فون کیا اور میرا استقبال کیا۔ یاسر عرفات نے بتایا کہ اسکے بعد ممبئی میں بم دھماکے ہوگئے اور جس کے بعد کھلاڑی دوبارہ مقابلے کا حصہ نہیں بن سکے۔