کے ایچ اے رمضان فیسٹول فائد اے سائیڈ چیمپئنز ہاکی لیگ کا فائنل حنیف خان الیون اور یوتھ ایچ سی بلو کے درمیان کھیلا گیا، دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز سے ہی ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ پہلے کواٹر میں ایک گول کے خسارے میں جانے کے باوجود حنیف خان الیون نے شاندار کم بیک کیا جس کے باعث پہلے ہاف کے اختتام پر حنیف خان الیون کو 2-4 گول کی برتری حاصل تھی
کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے فائنل کے دوسرے ہاف میں یوتھ بلو نے فاتح ٹیم کا بھر پور مقابلہ کیا۔ ہر لمحے بدلتے میچ کا آخری کواٹر انتہائی دلچسپ رہا ایک موقع پر مقابلہ 5-5 گول سے برابر تھا تاہم حنیف خان الیون نے کھیل کے آخری منٹ میں چھٹا گول کرکے فائنل 5-6 سے جیت لیا، فاتح ٹیم کے عدیل حسین نے پہلے منٹ اور پچیسویں منٹ میں اولمپیئن حسیم خان نے تیسرے، عاصم خان چودہویں، رضوان خان سولہویں اور واصف رضا نے چھبیسویں منٹ میں گول کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا، یوتھ بلو ایچ سی کے نعمان خان کی ہیٹرک بھی ان کے ٹیم کو جیت نہ دلا سکی انہوں نے لگاتار تین منٹ (31,32,33) میں تیز ترین تین گول کئے، دیگر فارورڈ میں فہیم خان 8ویں منٹ اور علی آفریدی نے 15 ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے، ارسلان اور مزمل حسین نے ٹیکنیکل آفیشلزجبکہ اصغر علی اور عرفان طاہر نے ایمپائرنگ کے فرائض انجام دیئے
فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اولمپیئن حنیف خان، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز خان، پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، سینر نائب صدر ڈاکٹر ایس، ممبران ایگزیکٹو بورڈ کے ایچ اے ابوذر امراؤ، ماجد، مصطفی جمیل، عرفان طاہر، محسن علی خان اور فیصل اسمعیل، سوئی سدرن گیس کے سابق جنرل منیجر زبیر احمد سمیت دیگر کے ہمراہ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ حسن فیروز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے اور ان کی زہنی نشوونما کے لیے کھیلوں کا فروغ بہت ضروری ہے، کھلاڑیوں کے کھیل سے بہت متاثر ہوا ہوں، یقین ہے ان ہی کھلاڑیوں میں مستقبل کے ہیروز سامنے آئیں گے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا گلشن اقبال میں ایک خوبصورت اسپورٹس کمپلیکس کو آباد کرنا کراچی والوں کے لئے ایک بہترین تحفہ ہے۔۔
کورنگی ٹائیگرز ایچ سی کے رانا عبداللہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکور، یوتھ بلو ایچ سی کے عبد الوہاب ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، حنیف خان الیون کے اون علی بہترین گول کیپر، فاتح ٹیم کے عدیان خان، یوتھ ایچ سی بلو کے عمر حسن، یوتھ ایچ سی اورنج کے ذین العابدین اور بلدیہ ہاکی کلب کے فاخر علی ایمرجنگ پلیئرز کے ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔