فٹبال کا عالمی میلہ فیفا ورلڈکپ 2022 رواں سال قطر میں ہوگا، جس کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے شائقین کی بڑی تعداد قطر آنا چاہتی ہے۔ فیفا کو 18 دسمبر کو کھیلے جانے والے اس فائنل کے لیے اب تک 30 لاکھ ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈکپ 2022 کے میچز دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ 18 دسمبر کو ہونے والے مقابلے کے لیے 30 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔
اسی طرح گروپ اسٹیج کے میچز کے لیے بھی فیفا کو بڑی تعداد میں ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ایونٹ میں 26 نومبر کو ارجنٹینا اور میکسیکو کا میچ لوزائل میں کھیلا جائے گا، جس میں 80 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، لیکن اس میچ کو سٹیڈیم میں دیکھنے کے لیے 25 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔اسی طرح انگلینڈ اور امریکا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے ٹکٹس کی مانگ بھی بڑھ گئی جسے 20 لاکھ لوگ دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔فیفا کے مطابق ٹکٹس قرعہ اندازی کے زریعے دیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ رواں سال 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں کھیلا جائے گا۔