پی سی بی نے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کے لیےکے پی ایم جی تاثیرہادی اینڈ کو کی خدمات حاصل کرلیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شفافیت کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کے لیے معروف اکاؤنٹنگ فرم کے پی ایم جی تاثیرہادی اینڈ کو کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ سکروٹنی کا یہ عمل ضلع قصور سے شروع ہوگا، جہاں یکم سے چار جون تک کُل 50 کلبز کی سکروٹنی کی جائے گی۔

ضلع قصور کے بعد کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کی جانب سے ملک بھر کے کرکٹ کلبز کی سکروٹنی کی جائے گی ۔ تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں سکروٹنی کا یہ عمل چار ماہ میں مکمل ہوگا۔اس حوالے سے تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔

کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کو کے ساتھ معاہدہ پی سی بی کی جانب سے کلبز کو ممبرشپ دینے کے عمل کا چوتھا مرحلہ ہے۔ پہلے مرحلے میں تمام کلبز سے متعلق بنیادی معلومات جمع کی گئی، دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں سے متعلق تمام ڈیٹا جمع کیا گیا جبکہ تیسرے مرحلے میں کلب سے پرنٹ شدہ فارمز جمع کیے گئے۔

پہلے مرحلے میں 4022 کلبز نے رجسٹریشن کےلیے درخواست جمع کروائی تھی جو تیسرے مرحلے میں 3644 رہ گئی ہے۔ ان 3644 میں 813 کلبز کا تعلق خیبرپختونخوا، 770 کا سینٹرل پنجاب، 617 کا سندھ، 502 کا سدرن پنجاب، 482 کا بلوچستان اور 460 کا ناردرن سے ہے۔

ندیم خان، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس:

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی ندیم خان کا کہنا ہے کہ کے پی ایم جی کے ساتھ معاہدہ سے کلبز کی سکروٹنی کا عمل شفاف اور منصفانہ انداز سےمکمل ہوگا۔ یہ عمل صرف اصل کلبز کو ہی ممبرشپ کا اہل بنائے گا، جومزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ کے فریم ورک میں لائے گا۔

ندیم خان نے کہا کہ یہ اصل کرکٹ کلبز آئندہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی سطح پر ہونے والے انتخابات میں بھی معاونت کریں گے۔ بعدازاں سی سی اے کے یہ الیکشنز چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انتخاب میں مدد کریں گے ۔ پی سی بی کی کوشش ہے کہ اس عمل کو چار ماہ میں مکمل کیا جائے تاکہ ایک مضبوط کرکٹ اور انتظامی ڈھانچہ قائم کیا جاسکے ۔

کے پی ایم جی تاثیر ہادی اینڈ کویہ ذمہ داری ٹینڈر کے بعد دی گئی ہے۔ ٹینڈر کا یہ عمل مارچ میں شروع ہوا تھا، جس کی تمام تر تفصیلات پی سی بی کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

error: Content is protected !!