پشاور( سپورٹس رپورٹر)محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام روایتی کھیلوں کے سلسلے میںمردان میں مخہ کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں ، ان مقابلوں کاباضابطہ افتتاح ، اسسٹنٹ کمشنر کاٹلنگ عبدالغفار خان گنڈا پور نے کیا اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر نعمت اﷲ مروت ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افزار محمد ، ڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس جمشید بلوچ، ، چیف کوچ شفقت اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذاکر اللہ، ایڈمن آفیسر ارشاد خان ، سمیت دیگرشخصیات موجود تھیں ۔ضلع مردان کے تحصیل کاٹلنگ شموزئی میں یہ مقابلے دو دن تک جاری رہینگے ان مقابلوں میں ضلع مردان کے چار قدیمی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں بابوزئی کلب ، شموزئی کلب ، میاں خان سنگو ، بدربانڈہ کی ٹیمیںشامل ہیں
اس ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری امجد خان یوسفزئی تھے جنہوں ایونٹ کیلئے بہترین انتظامات کئے تھے ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس جمشید بلوچ نے ڈی جی سپورٹس خالد خان اور ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس عزیز اللہ خان کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شبانہ روز محنت سے روایتی کھیلوں کا سلسلہ جاری ہے اور مرحلہ وار کے پی کے دیگر اضلاع میں بھی ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مخہ ایک قدیمی گیم ہے جو کہ صوابی ، مردان اور بونیر میںبھرپور انداز سے کھیلی جاتی ہے ،محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیراہتمام پہلے مرحلے میں ان ڈسٹرکٹس میں کلب سطح کے مقابلے منعقد کئے جائینگے مختلف ریجنز میںروایتی گیمز منعقد کرنے کے بعد ان میں سے مختلف ایونٹس کی ونر ٹیموں کے درمیان فائنل رائونڈ پشاور میں ہوگا جہاں کھلاڑیوں کومزید انعامات سے نوازا جائے گا روایتی گیمز کے انعقاد کا مقصد صوبہ بھر میں روایتی گیمز کو زندہ رکھنے کے لئے کوششیں کرنا ہیں اور امید ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے ان علاقوں میں روایتی گیمز کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔