ڈائریکٹور یٹ آف یوتھ آفیئرز خیبر پختونخوا کے زیراہتمام دوسرا دوستی فٹ بال کپ اختتام پذیرہوگیا،دارلعلوم تعلیم القرآن نے ٹرافی اپنے نام کرلی، قیوم سپورٹس کمپلکس پشاور میں دینی مدارس اور اقلیتی یوتھ کے مابین منعقدہ دوستی فٹ بال کپ کے فائنل میچ میں مدرسہ تعلیم القرآن بارہ گیٹ پشاور کی ٹیم نے اقلیتی برادری کی ٹیم کرشنا نوشہرہ کو 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لی۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر یوتھ آفیئرز خیبر پختونخوا عرفان علی تھے ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ یوسف کریم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ نعیم گل، پاکستان فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان ارشد خان،آرگنائزنگ سیکرٹری ملک ہدایت الحق، بین الا قومی فٹبالر عاجز غفور اور باسط کمال سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔فائنل میچ میں تعلیم القرآن کی جانب سے قاری عبدلوادود،قاری شریف اللہ اور قاری احسان اللہ نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔