جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی بھارت کو گھر میں گھس کر مارا

جنوبی افریقہ نے ایک مرتبہ پھر شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے بھارت کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ پروٹیاز نے 5 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری بھی حاصل کرلی۔ کٹک میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

 

دنیا کی مضبوط بیٹنگ لائن میں سے ایک سمجھی جانے والی بھارتی ٹیم کو جنوبی افریقی بولرز نے کُھل کر کھیلنے نہ دیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ شریاس ائیّر 40 اور ایشان کشن 34 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ اختتامی لمحات میں تجربہ کار دنیش کارتک نے 30 اور ہرشل پٹیل نے 12 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل ٹیم کے ٹوٹل میں اپنا حصہ ڈالا۔

 

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینرک نورکیا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کگیسو رباڈا، وین پارنیل، ڈوائن پریٹوریئس اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔ ہدف کے تعاقب میں ہینرک کلاسن واحد فرق ثابت ہوئے، انہوں نے 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر بھارتی ٹیم کی جیت کے خواب کو چکنا چور کردیا۔ جہاں ایک جانب بھونیشور وکٹیں لیتے رہے اور اپنی ٹیم کے لیے جیت کی راہ ہموار کرتے رہے وہیں کلاسن دوسرے اینڈ پر موجود رنز کے انبار لگاتے رہے اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کرتے رہے۔

 

مہمان ٹیم کی جانب سے ریزا ہینڈرکس، ڈوائن پریٹوریئس، رسی فینڈر ڈوسن، وین پارنیل اور کگیسو رباڈا تو دُہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ صرف کپتان ٹیمبا بووما نے 35 اور ڈیوڈ ملر نے 20 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا اور 4 وکٹوں سے کامیابی دلوائی۔ بھونیشور کمار نے 4 اوورز میں صرف 13 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا جبکہ یوزویندرا چیہل اور ہرشل پٹیل نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ ابھی 3 میچز باقی ہیں۔

error: Content is protected !!