انگلش ٹیم کے گرد چھائے کرونا کے سائے کم نہ ہوسکے، اہم ترین رکن بھی وبا کا شکار بن گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق انگلش ٹیم کے بیٹنگ کوچ مارکس ٹریسکوتھک کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ سے پہلے ہیڈنگلے میں ٹریننگ سیشن کے دوران طبیعت ناسازی کے باعث وہ کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے، بعد ازاں ان کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا جو کہ مثبت آیا۔انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق بیٹنگ کوچ کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے ان کی مکمل نگہداشت کی جارہی ہے ، نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل وہ ٹیم کو جوائن کرسکیں گے یا نہیں؟ ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
اس سے قبل انگلش کپتان کرونا مثبت آنے کے باعث لیڈز ٹیسٹ میں شرکت سے محروم رہے تھے تاہم اب ان کا کرونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے اور ان میں کرونا کی کوئی علامات موجود نہیں ہیں۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے دوران اب تک ہنری نکولس، بلیئر ٹکنر، کین ولیمسن، مائیکل بریسویل اور ڈیون کونوے کا کرونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے، تاہم ڈرامائی صورت حال دوسرے ٹیسٹ سے قبل پیدا ہوئی تھی جب کپتان کین ولیمسن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے باعث انہیں ٹیم سے باہر کیا گیا جبکہ ٹام لیتھم کو کپتانی سونپی گئی۔