قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ میرے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے مجھ پر بدتمیز ہونے کا ٹیگ لگا دیا گیا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ میرے خلاف ایک رپورٹ بنائی گئی اور اس رپورٹ میں میرا موقف بھی نہیں لیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ جس رپورٹ کی بنیاد پر انہیں کرکٹ سے دور کیا گیا اسے منظر عام پر لایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کچھ غلط کیا ہے تو اس کا بتایا جائے، سزا دی جائے لیکن کیریئر کے ساتھ نہ کھیلا جائے۔
اس سے قبل احمد شہزاد نے کیریئر میں تنزلی کا ذمہ دار سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کو قرار دیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس نے میرے خلاف ایک رپورٹ کرکٹ بورڈ میں جمع کروائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ میں آئوٹ آف فارم ہوں اور قومی ٹیم میں واپسی سے قبل مجھے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ بورڈ میں پیش کی گئی رپورٹ کو انہوں نے خود نہیں دیکھا لیکن ایک نمائندے نے انہیں بتایا تھا کہ میرے اور عمر اکمل کے حوالے سے وقار یونس نے یہ رپورٹ دی ہے۔احمد شہزاد نے کہا کہ وقار یونس کے ریمارکس نے میرا کیرئیر تباہ کردیا یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا جس کے تحت مجھے ٹیم سے باہر کیا گیا۔