گال ٹیسٹ پاکستان کی ٹیم 218 پر آئوٹ،بابر کی سنچری،سری لنکا کو 40 رنز کی برتری

کپتان بابراعظم نے شان دار سنچری کی بدولت قومی کرکٹ ٹیم کو گال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کے 222 رنز کے جواب میں ایک مشکل صورت حال سے نکال کر 218 رنز تک پہنچادیا جبکہ میزبان ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 40 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

 

سری لنکا کے شہر گال میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی اور 119 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ٹیم کو پہلی اننگز میں 4 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے جب اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 24 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو تجربہ کار بلے باز اظہر علی اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے۔کھیل کے آغاز سے ہی سری لنکن باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کی اور پاکستانی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا، قومی ٹیم کے کھلاڑی بڑی شراکت قائم نہ کر سکے اور مسلسل آؤٹ ہوتے رہے۔

 

دوسرے روز پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں اضافہ کیے بغیر 3 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے جبکہ محمد رضوان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والی سلمان علی آغا صرف 5 رنز بنا سکے، محمد نواز کی اننگز بھی 5 رنز تک ہی محدود رہی، شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 18 اور حسن علی 17 رنز بنا کر ٹیم کو بڑے خسارے سے بچانے کے لیے کپتان کا حتی الامکان ساتھ دیا۔

کپتان بابراعظم نے مردبحران کا کردار ادا کرتے ہوئے ٹیم کو مکمل تباہی سے نہ صرف بچایا بلکہ ٹیم کا مجموعہ 218 رنز تک پہنچا کر خسارہ 4 رنز تک محدود کردیاقومی ٹیم کے کپتان نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 119 رنز بنائے اور تھیکشانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے پراباتھ جے سوریا نے بہترین باؤلنگ کی اور 5 وکٹیں حاصل کیں، دیگر باؤلرز میں مہیش تھیکشانا اور رامیش مینڈس نے 2،2، کاسن راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو محمد نواز نے 33 کے مجموعے پر کپتان کرونارتنے کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔دوسرے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو سری لنکا نے ایک وکٹ پر 36 رنز بنا لیے تھے اور 40 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

 

error: Content is protected !!