سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ہونیوالی 13ویں نیشنل جو جٹسو چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی


سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے ہونیوالی 13ویں نیشنل جو جٹسو چیمپئن شپ واپڈا نے جیت لی، نیوی دوسرے اور پنجاب تیسرے نمبر پر رہے،صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اورٹیموںکو ٹرافیاں دیں ، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا ہے کہ 13 ویں نیشنل جو جٹسو چیمپئن شپ سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، جوجٹسو پاور سپورٹس کا ہی حصہ ہے، پاور سپورٹس کو فروغ دینے کیلئے اکیڈمی قائم کی جائے گی اور آیڈیٹوریم تعمیر کیا جائیگا جس میں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ آفیشلز اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے پروفیشنل کورس کرائیں گے، تمام کھیلوں کو فروغ دے رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں 13ویں نیشنل جو جٹسو چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،

اس موقع پر صدر پاکستان جو جٹسو فیڈریشن خلیل احمد خان، ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر ، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ، آغا وقار، محمود الحسن، ایڈمنسٹریٹر جمنازیم ہال مصطفی شاہ ودیگر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے مزید کہا ہے کہ جوجٹسو کا کھیل نوجوانوں میں مقبول ہورہا ہے، یہ بات خوش آئندہے کہ جوجٹسو کے کھلاڑیوں نے ورلڈ جونیئر چیمپئن شپ اور ایشیئن چیمپئن شپ میں میڈلز جیتے ہیں، پاور سپورٹس کو فروغ دیں گے تاکہ نوجوان زیادہ سے زیادہ پاور سپورٹس میں حصہ لیں اور پاکستان کا نام روشن کریں، انہوں نے کہا کہ فیڈریشن سے مل کر کام کریں گے، نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو آگے لے کر جائیں گے، جدید دور میں جوجٹسو کو سیلف ڈیفنس کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے،

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ پاور سپورٹس کے فروغ کے لئے تمام اضلاع میں کام کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے، ہر کھیل کو فروغ دینے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھارہے ہیں، جوجٹسو چیمپئن شپ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی، ہر کھلاڑی کو آگے بڑھنے کیلئے مواقع فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرسکے۔

13ویں نیشنل جو جٹسو چیمپئن شپ میں واپڈا نے میدان مار لیا، واپڈا14گولڈ ، سلور 8اور 4 برانز میڈل لیکر پہلے، نیوی 6گولڈ،12سلور اور6 برانز میڈلز لیکر دوسرے، پنجاب 4 گولڈ،3سلور اور ایک برانز میڈلز لیکر تیسرے نمبر پر رہے،پولیس نے سونے کے دو، چاندی کا ایک اور کانسی کے چار میڈلز جیتے، سندھ نے سونے کا ایک، چاندی کے دو اور کانسی کے بارہ میڈلز جیتے، خیبر پختونخوا نے سونے کا ایک، چاندی کے دو اور کانسی کے سولہ میڈلز جیتے،واپڈا کی کھلاڑی کائنات عارف چیمپئن شپ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں، صدر پاکستان جوجٹسو فیڈریشن خیل احمد خان نے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود کو سوینئر پیش کیا،

کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ملک تیمور مسعود کے ساتھ گروپ فوٹوز بنوائے، اس سے قبل چیمپئن شپ میں ہونیوالے مقابلوں کے نتائج کے مطابق مردوںکی ـ56 کلوگرام فائیٹنگ میں واپڈا کے سعید انور پہلے، کے پی کے سلمان دوسرے، سندھ کے حارث تیسرے نمبر پر رہے، ـ62 کلوگرام کے مقابلے میں بحریہ کے عادل پہلے، پولیس کے شعیب دوسرے اور کے پی کے کے ایم سلیم تیسرے نمبر پر رہے، ـ77 کلوگرام کے مقابلے میں واپڈا کے حمزہ نے پہلی، بحریہ کے عزیزالحق نے دوسری،

کے پی کے کے وارث حبیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ـ85 کلوگرام میں پنجاب کے علی زر پہلے، بحریہ کے علی حمزہ دوسرے، پولیس کے شفیق تیسرے نمبر پر رہے، مردوں کی دوسری فائیٹ میں ـ56 کلوگرام کے مقابلوں میں واپڈا کے اویس نے پہلی ، بحریہ کے فرحان نے دوسری، گلگت بلتستان کے طاہر نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ـ69 کلوگرام کے مقابلوں میں واپڈا کے دانش پہلے، بحریہ کے عمر دوسرے، پولیس کے عثمان تیسرے نمبر پر رہے، ـ85 کلوگرام کے ایونٹ میں پولیس کے سلمان طارق نے پہلی، واپڈا کے رانا وقار نے دوسری، کے پی کے عمر نے تیسری پوزیشن حاصل کی، خواتین کے ـ

48 کلوگرام کے مقابلوں میں پنجاب کی بانو بٹ پہلی، بحریہ کی انم دوسری، واپڈا کی کوثر تیسری پوزیشن پررہیں، ـ63 کلوگرام میں بحریہ کی فضلیت نے پہلی، واپڈا کی عروہ نے دوسری اور کے پی کے کی نازیہ علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ـ57 کلو گرام کے ایونٹ میں واپڈا کی مریم پہلی، بحریہ کی آرزو دوسری اور کے پی کے کی مریم تیسری پوزیشن پر رہیں،

 

خواتین کے ڈبل ایونٹ میں واپڈا کی اسرا وسیم اور کائنات عارف نے پہلی، پنجاب کی سحر اور مہروش نے دوسری جبکہ بحریہ کی انعم اور صنم نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ایک اور فائٹ میں واپڈا کی اسرا وسیم اور کائنات پہلی، پنجاب کہ سحر اور مہروش دوسری بحریہ کی انعم اور صنم تیسری پوزیشن پر رہیں۔

تعارف: newseditor