ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سے سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا سرور اور سینئر کوچ طاہر وحید جٹ نے گزشتہ رو زنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ملاقات کی جس میں پاکستان میں 2024ء میں ہونیوالے کبڈی ورلڈ کپ اور انٹرنیشنل کبڈی لیگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ کبڈی ورلڈ کپ کا دوسری بار پاکستان میں انعقاد خوش آئند ہے، پاکستان 2020ء میں کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرچکا ہے، کبڈی ورلڈ کپ 2024ء کے انعقاد کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب مکمل تعاون کریگا
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت کبڈی کا ورلڈ چیمپئن ہے، کبڈی پنجاب کی ثقافت کا حصہ ہے اور عوام کا مقبول ترین کھیل ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کبڈی کے فروغ کے لئے مختلف ایونٹس منعقد کراتا رہا ہے
پاکستان میں کبڈی کا بہت ٹیلنٹ ہے، انٹر نیشنل کبڈی لیگ کے انعقاد سے کبڈی کو فروغ ملے گا، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا سرور نے بتایا کہ انٹرنیشنل کبڈی لیگ بھی پاکستان میں منعقد ہورہی ہے جس میں مختلف ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی، کبڈی ورلڈ کپ 2024ء اور انٹرنیشنل کبڈی لیگ کا انعقاد پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے، سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا سرور نے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کو سوینئر پیش کیا۔