محمد عامر کو واپسی کا واضح گرین سگنل

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی  کا کہنا ہے کہ اگر فاسٹ بولر محمد عامر ٹیم میں واپس آنا چاہتے ہیں تو میں انہیں نہیں روکوں گا۔ ایک  دیے گئے انٹرویو میں  نجم سیٹھی نے کہا کہ سابق چیئرمین پی سی بی  رمیز راجا کا مؤقف تھا کہ جو بھی میچ فکسنگ کے حوالے سے سزا یافتہ ہے یا اس میں ملوث ہے تو انہیں ٹیم میں واپس نہیں آنا چاہیے لیکن یہ میرا مؤقف نہیں ہے، میرا مؤقف یہ ہے کہ وہ شخص جس نے جرمانہ ادا کردیا ہے اور اس کی اصلاح ہوچکی ہے اسے ٹیم میں واپس آنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

 

محمد عامر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اگر عامر ٹیم میں واپس آنا چاہتے ہیں تو میں انہیں نہیں روکوں گا، یہ سلیکٹرز کا فیصلہ ہوگا لیکن میں انہیں اہل قرار دوں گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل محمد عامر بھی  ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید دکھائی دے چکے ہیں، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں پہلے پی ایس ایل میں پرفارم کرنا چاہتا ہوں، اللہ نے مجھے موقع دیا تو قومی ٹیم میں دوبارہ کھیلوں گا۔انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے یہاں پریکٹس کا موقع دیا، مجھے لگتا تھا کہ رمیز راجا پڑھے لکھے آدمی تھے، ان سے کسی پر الزام لگانے کی امید نہیں تھی۔

error: Content is protected !!