ماحور شہزاد نے آل پاکستان نیشنل رینکنگ ٹورنامنٹ جیت لیا

پاکستان کی نمبر ون بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد اپنی شادی کی وجہ سے بریک پر تھیں، 3 ماہ کے بعد ماحور شہزاد نے حیدر آباد میں کھیلے جانے والی آل پاکستان نیشنل رینکنگ بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں حصہ لیا، سنگلز اور ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کیے۔ ماحور شہزاد نے ویمن سنگلز فائنل میں غزالہ صدیق کو 23-21 اور 21-12 سے شکست دی جبکہ ویمن ڈبلز میں ماحور شہزاد اور غزالہ صدیق نے الجا طارق اور سمیعہ طارق کو 21-13 اور 21-10 سے ہرایا۔اولمپیئن ماحور شہزاد نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں خوش ہوں کہ شادی کی وجہ سے جب میں بریک کے بعد کھیل میں واپس آئی تو نئے سال کے پہلے ہی ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بڑا اہم تھا کیونکہ میں چاہتی تھی کہ شادی کے بعد اچھی شروعات کروں، میں آئوٹ آف پریکٹس بھی تھی لیکن اس کے باوجود میں اچھا پرفارم کرنے میں کامیاب رہی اور میں نے سنگلز اور ڈبلز میں کامیابی حاصل کی۔

 

ماحور شہزاد کا کہنا ہے کہ والدین نے تو میری ہمیشہ ہی سپورٹ کی ہے اور ان کی وجہ سے میں آج اس مقام پر ہوں، اب مجھے میرے سسرال والوں اور خاص طور پر میرے شوہر کی طرف سے بہت سپورٹ مل رہی ہے، اسی وجہ سے کہ میں نے کھیل کو جاری رکھا ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی ایکشن میں دکھائی دوں گی، اس سال ایشین گیمز ہیں اس میں پاکستان کے لیے اچھا کرنے کی خواہشمند ہوں، جبکہ آئندہ سال پیرس میں اولمپکس ہے تو میں چاہتی ہوں کہ تسلسل کے ساتھ پرفارم کروں اور ایک بار پھر اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کروں۔

error: Content is protected !!