پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد 45 دن بہت مشکل تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کی گفتگو کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ الحمد اللہ کافی اچھا فگر ہے، ورلڈکپ کے بعد 45 دن بہت مشکل تھے، اس دوران گرائونڈ کو بہت مس کیا، چاہتا ہوں کہ جلد واپس جائوں اور پاکستان کیلئے کھیلوں، اب کافی اچھا ردھم محسوس کر رہا ہوں، کوشش کروں گا اس ردھم کو ایسے ہی آگے بڑھائوں۔
شاہین شاہ نے ری ہیب دورانیے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ری ہیب بہت مشکل چیز ہے اس دوران سب سے بشمول فیملی سے بھی دور رہنا پڑتا ہے لیکن اس دوران دوست اور فیملی ہی خاصے مددگار ثابت ہوتے ہیں، ری ہیب کے دوران میرے ذہن میں صرف یہی سوچ تھی کہ مجھے ٹیم میں واپس آنا ہے۔ شاہین شاہ نے اپنے پلان پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ گیند کروانے کی رفتار پر فوکس ہے، کوشش ہے کہ پیس میں جو کمی آئی ہے اسے پورا کروں، اس ہفتے پریکٹس کے دوران 19 اوورز بولنگ کی اور بہت اچھا محسوس کیا۔