قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔محمد رضوان، خوشدل شاہ، شعیب ملک، حارث رف، حسن علی، حیدر علی اور افتخار احمد سمیت متعدد پاکستانی کرکٹر بنگلادیش پریمیئر لیگ میں اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے ایکشن میں نظر آ رہے ہیں۔محمد رضوان نے کومیلا وکٹورینز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 47 گیندوں پر 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 6000 رنز کا سنگ میل عبور کیا۔اسی میچ میں رضوان کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے خوشدل شاہ نے 24 گیندوں پر 64 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور مقررہ 20 اوورز میں اپنی ٹیم کا اسکور 184 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔گزشتہ روز افتخار احمد کی جانب سے دھوں دھار سنچری اسکور کی گئی جبکہ دوسرے میچ میں محمد رضوان نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔