انگلینڈ کے کرکٹر ایلیکس ہیلز بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے دستبردار ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلیکس ہیلز آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اور پی ایس ایل معاہدوں کے باعث دستبردار ہوئے ہیں۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ میتھیو موٹ نے کہا ہے کہ ایلیکس ہیلز کے لیے اب بھی دروازے کھلے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے میتھیو موٹ نے کہا کہ ہم نے ایلیکس ہیلز کے ساتھ بات کی تھی ان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شاندار رہا۔انہوں نے کہا کہ جب ہم ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ کے لیے بیٹھیں گے تو کسی سے رنجش نہیں رکھیں گے، ہم نے موقع دیا لیکن سمجھتے ہیں کہ کچھ دوسرے معاملات بھی حائل ہوتے ہیں۔
میتھیو موٹ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فارم میں ہے اور بھارت میں ہمارے لیے اچھا ثابت ہو سکتا ہے تو ہم اس کو لیں گے۔بنگلا دیش اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ یکم مارچ کو ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ ایلیکس ہیلز کو 2019 کے ورلڈ کپ سے قبل اسکواڈ سے نکال دیا گیا تھا۔