اسلام آباد (پرویز شیخ) پاکستان فیڈریشن بیس بال کے زیراہتمام 17ویں نیشنل ویمن بیس بال چیمپیئن شپ کے افتتاحی روز اسلام آباد اور خیبر پختونخوا نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ چیمپیئن شپ کا افتتاح پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے کیا۔
اس موقع پر بحریہ ٹاؤن لاہور کے جنرل منیجر غلام مرتضی چیمہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں چیمپئن شپ کے افتتاحی روز پہلے میچ اسلام آباد نے بلوچستان کو 4-9 سکور سے ہرا دیا جبکہ دوسرے میچ میں خیبرپختونخوا نے سندھ کے خلاف 2-9 اسکور سے کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر طاہر محمود، طارق ندیم، عائشہ ارم، جمیل کامران، نثار احمد، زبیر وٹو، غلام حسین و دیگر عہدیدار و ٹیکنیکل آفیشلز موجود تھے۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، اسلام آباد کے علاوہ پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ٹیمیں شامل ہیں۔
چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں سید فخر علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس چیمپیئن شپ سے حاصل شدہ کھلاڑیوں سے ہانگ کانگ میں مئی میں شیڈول ایشین وومین بیس بال کے لیئے پاکستان کی بہترین ٹیم منتخب کی جائے گی۔اس لیئے کھلاڑیوں کو چاہیئے کہ وہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔انکا مذید کہنا تھا کہ موسم و دیگر باتوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے 16 مارچ کا ریزروو دن رکھا گیا ہے۔
میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کے مطابق فائنل و اختتامی تقریب 15 مارچ کو ہوگی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔