نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ
عمر ایسوسی ایٹس اور کینٹ واریئرز نے سیمی کے لیے کوالیفائی کرلیا
کوارٹر فائنل میں ریئل ٹائم اسلام آباد اور پیشن کلب کو شکست
ایم ڈی واٹر بورڈ سید صلاح الدین مہمان خصوصی تھے
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) نیا ناظم آباد بینکرز کپ رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ میں کوارٹر مرحلے کا آغاز ہوگیا ۔ عمر ایسوسی ایٹس نے ریئل ٹائم اسلام آباد کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
نیا ناظم آباد جمخانہ میں ریئل ٹائم اسلام آباد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف اکیانوے رنز بناسکی۔ اسد آفریدی تیس رنز بناکر نمایاں رہے۔ غلام مدثر نے چار اور محمد اصغر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ عمر ایسوسی ایٹس نے ہدف سولہویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
دانش عزیز پچیس، اسامہ بلوچ تئیس اور محمد نافع بیس رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سعد اللہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان خصوصی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر انجینیر سید صلاح الدین نے غلام مدثر کو مین آف دی میچ ایوارڈ پیش کیا ۔
اس موقع پر سی ای او نیاناظم آباد صمد حبیب اور صدر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ بھی موجود تھے۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں کینٹ واریئررز نے پیشن کرکٹ کلب کو با آسانی چھ وکٹوں سے آؤٹ کلاس کیا ۔ پیشن کلب کی ٹیم پہکے بیٹنگ کرتے ہوئے انیس ویں اوور میں چوراسی رنز پر ڈھیر ہوئی۔
لال کمار نے تین جبکہ سہیل خان اور آصف محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کینٹ واریئررز نے ہدف بارہویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اختر خان نے
انتالیس رنز بنائے۔ موسی ملک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لال کمار کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل کل ہفتہ کو کھیلے جائیں گے ۔ فائنل اتوار کو ہوگا ۔