پاکستان ویٹرنز ہاکی کلب گرین نے دوسرا مہتاب چائولہ رمضان ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی فٹنس کلب کو فائنل میں 6-1 گول سے شکست، سمیر حسین فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انعامات تقسیم کئے
کراچی: پاکستان ویٹرنز ہاکی کلب (گرین) نے دوسرا مہتاب چائولہ فلڈ لائٹس رمضان ویٹرنز ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا، فائنل میں کراچی فٹنس کلب کو ایک کے مقابلے میں چھے گول سے شکست دیکر چیمپئن بننے
کا اعزاز حاصل کیا، اولمپیئن سمیر حسین فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، محمد علی خان اور معصوم علی نے عمدہ کھیل پیش کیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے انعامات تقسیم کئے. تفصیلات کے
مطابق گزشتہ شب اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا گیا فائنل یکطرفہ رہا سابق اولمپیئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے سامنے کراچی فٹنس
کلب کی فٹنس جواب دے گئی، میچ کے پہلے دو کوارٹر میں مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا لیکن اگلے دو کوارٹرز میں تجربہ کار ٹیم نے مزید پانچ گول اسکور کرکے فتح اپنے نام کرلی. انکی جانب سے اولمپیئن قمر
ابراھیم، اولمپیئن سمیر حسین، اولمپیئن کاشف جواد، سابق انٹرنیشنل محمد علی خان، محمد عرفان اور سید آل حسن نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ کراچی فٹنس کلب کا واحد گول رائٹ ان عمران خان نے اسکور بنایا. اولمپیئن سمیر حسین فائنل کے بہترین کھلاڑی قرار پائے.
فائنل میچ کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری تھے انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ
کراچی میں ہاکی کا کھیل اولمپیئن اصلاح الدین کی وجہ سے زندہ ہے انکی اکیڈمی میں پورے سال قومی
کھیل کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، اصلاح الدین نے اپنی پوری زندگی ہاکی کیلئے وقف کردی ہے میں انکا بڑا مداح ہوں قومی کھیل کے فروغ کیلئے میرا تعاون ہمیشہ انکے ساتھ رہے گا، گورنر سندھ نے فاتح ٹیم کیساتھ ٹورنامنٹ میں شریک تمام آٹھ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی
اس موقع پر اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا کہ وہ ویٹرنز ہاکی کے موجد ہیں انکی کپتانی میں پاکستان نے دو مرتبہ عالمی کپ جیتا اور اب تیسری مرتبہ بھی جیتنے کیلئے پر عزم ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ مہتاب چائولہ مرحوم کے مشن کو جاری رکھیں گے اور مہتاب چائولہ ہاکی ٹورنامنٹ ہر سال رمضان میں باقاعدگی سے منعقد ہوگا
گورنر سندھ نے اولمپیئن سمیر حسین کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اور دس ہزار روپے انعام دیا، اولمپیئن قمر ابرھیم نے مہمان خصوصی سے فاتح ٹرافی وصول کی اس موقع پر اولمپیئن اصلاح الدین نے مہمان خصوصی کامران ٹیسوری، کاشف چائولہ، فرخ چائولہ، بیگم اسماء علی شاہ اور دیگر مہمان خاص کو اکیڈمی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی. اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ اولمپیئن ایاز محمود، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین، مصطفی جمیل، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر محفوظ الحق، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد، رائو جاوید اقبال، اعجاز الدین اور دیگر بھی موجود تھے.