قومی کھیل کی ترویج و ترقی کے لئے بلوچستان بھرپور کردار ادا کررہا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،
پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑی قومی جوش و جذبہ کے ساتھ جونیئر ایشیا کپ میں شرکت کریں گے اور قوی امید ہے کہ پاکستان جونیئرز ایونٹ میں کامیابیاں سمیٹے گی۔ نوابزادہ میر لشکری رئیسانی چیئرمین بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کا قومی جونیئر ہاکی تربیتی کیمپ کے دورہ کے دوران اظہار خیال
تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل حیدر حسین ,بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی اور پنجاب ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر رائے عثمان اکبر نے ڈی ایچ اے ہاکی ایرینا میں جاری پاکستان جونیئر انڈر 21 کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا. اس موقع پر کھلاڑیوں کو مہمانان گرامی سے متعارف کرایا گیا
اور تربیتی کیمپ میں جاری تربیت کے بارے میں تفصیلات فراہم کی گئی.چیئرمین بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن نوابزادہ میر حاجی لشکری رئیسانی نے کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولیات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی ساتھ نیک تمناؤں کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے برگیڈیئر وحید گل ستی کے مشکور ہیں کہ انہوں نے نامساعد حالات میں پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے وسائل فراہم کئے ۔
قومی کھیل کی بہتری کے لئے قومی ادارے کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ڈی ایچ اے نے بہترین تربیت کے مواقع فراہم کئے اور پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے ڈی ایچ اے کی جانب سے کیمپس کے انعقاد کے اقدام کو قومی کھیل کے لئے بہترین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا
کہ ہیرو بننے کے لئے سفارش کی نہیں بلکہ محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہونہار گول کیپر بلال خان اور کوچ اولمپیئن ذیشان اشرف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان قومی کھیل کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے اور ہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
واضع رہےپاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جونیئر ہاکی ایشیاء کی تیاری کیلئے پاکستان جونیئر انڈر 21 کا تربیتی کیمپ منیجر اولمپیئن حنیف خان اور کوچز پینل اولمپیئن زیشان اشرف, انٹرنیشنل آصف خان ,انٹرنیشنل عدنان ذاکر, ڈریگ فلیکر کوچ رانا زبیر, گول کیپر کوچ مظہر عباس اور فزیکل ٹرینر عمران احمد خان کی زیر نگرانی ڈی ایچ اے ہاکی ایرینا لاہور میں جاری ہے.
سیشن 26 اپریل تا 20 مئی جاری رہے گا.کیمپ میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ اور فزیکل فٹنس کی ورزشیں بھی کرائی گئیں.