پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان ون ڈے سیریز بدھ سے شروع.

 

پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان ون ڈے سیریز بدھ سے شروع

ہرارے، 16 مئ 2023:

زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستان شاہینز اور زمبابوے سلیکٹ کے درمیان چھ ون ڈے میچوں کی سیریز بدھ سے شروع ہورہی ہے۔ اس سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے جو پچاس اوورز پر مشتمل ہونگے۔

 

پاکستان شاہینز محدود اوورز کے اس فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید دکھائی دیتی ہے۔ اس سے قبل اس نے زمبابوے اے کے خلاف دونوں چار روزہ میچز جیت لیے تھے۔ پہلا میچ اس نے آٹھ وکٹوں سے اور دوسرا میچ اننگز اور 41 رنز سے جیتا تھا۔

 

پاکستان شاہینز میں کپتان عمران بٹ سمیت ‍‍‍ آٹھ کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔ان کھلاڑیوں کے علاوہ ٹیم اپنے لیفٹ آرم اسپنر مہران ممتاز سے بڑی امیدیں وابستہ رکھے ہوئے ہے کہ وہ چار روزہ میچوں کی کارکردگی کو ون ڈے سیریز میں بھی دوہرائیں گے۔ مہران ممتاز نے چار روزہ میچوں میں مجموعی طور پر پندرہ وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں سےگیارہ وکٹیں انہوں نے پہلے میچ میں حاصل کی تھیں۔

بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان شاہینز کے پاس باصلاحیت حسیب اللہ ۔محمد حریرہ ۔ عمیر بن یوسف موجود ہیں جنہوں نے چار روزہ میچوں کی سیریز میں سنچریاں بنائی تھیں۔

ٹیم میں صائم ایوب کی بھی شمولیت ہوئی ہے جو آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں اور ان کے آنے سے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو مزید تقویت ملے گی۔

صائم ایوب کا کہنا ہے کہ ان کے لیے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک زبردست تجربہ رہا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس تجربے سے پاکستان شاہینز کو بھی فائدہ پہنچائیں۔

صائم ایوب کا کہنا ہے کہ اس سیریز کی تیاری بہت ہی عمدہ رہی ہے اور کوچنگ اسٹاف کھیل کے تمام شعبوں میں کھلاڑیوں پر محنت کررہا ہے اور کوشش کررہا ہے کہ تیاری میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔

واضح رہے کہ اس سیریز میں زمبابوے سلیکٹ ٹیم میں ان کے انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہونگے تاکہ انہیں ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے تیاری میں مدد مل سکے۔

پاکستان شاہینز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ عمران بٹ ( کپتان ) حسین طلعت ( نائب کپتان ) ۔ عامر جمال۔ عبدالواحد بنگلزئی۔ حسیب اللہ خان ۔ کامران غلام۔ مہران ممتاز۔ میرحمزہ ۔ محمد علی۔ محمد حریرہ۔ مبصر خان۔ عمیر بن یوسف۔ قاسم اکرم۔ روحیل نذیر۔ صائم ایوب اور شاہنواز دھانی۔

اعزاز چیمہ ٹیم کے ہیڈکوچ اور عبدالرحمن کنسلٹنٹ ہیں۔

ون ڈے سیریز کا شیڈول۔
17 مئی۔پہلا ون ڈے۔
19مئی۔ دوسرا ون ڈے۔
21مئی ۔ تیسرا ون ڈے ۔
23مئی ۔ چوتھا ون ڈے
25مئی۔ پانچواں ون ڈے ۔
27 مئی۔ چھٹا ون ڈے ۔

 

error: Content is protected !!