سپورٹس فاﺅنڈیشن کے ریٹائرڈ ایڈمنسٹریٹر فارغ ، نئی تعیناتی جلد کی جائے گی
رسول شاہ بطور جوائنٹ سیکرٹری سپورٹس ڈائریکٹریٹ ملازمت کر چکے تھے ، ڈیپارٹمنٹ کے بعض افسران نے ان کے تجربے سے خوب فائدہ اٹھایا
پشاور…کھیلوں اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے بنائے گئے سپورٹس فاﺅنڈیشن کو چلانے والے ریٹائرڈ اہلکار رسول شاہ کو فارغ کردیاگیا ،
رسول شاہ بطور جوائنٹ سیکرٹری سپورٹس ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخواہ میں اپنے فرائض انجام دے چکے تھے اور ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں سپورٹس ڈائریکٹریٹ خیبر پختونخواہ کے زیر انتظام چلنے والے سپورٹس فاﺅنڈیشن کا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا
اور گذشتہ کئی سالوں سے ریٹائرڈ اہلکار بطور ایڈمنسٹریٹر یہاں پر کام کررہا تھا تاہم سپورٹس فاﺅنڈیشن کی سرگرمیوں میں بہتری نہ آنے کی وجہ سے انہیں گذشتہ روز فارغ کردیا گیا
اب اس عہدے پر نئی تعیناتی کی جائے گی .واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے دور میں بھاری رقم بینک میں رکھ کرسپورٹس فاﺅنڈیشن کا سلسلہ شروع کردیا گیا جس کا بنیادی کام غریب کھلاڑیوں کی مدد کرنا تھا اور ماہانہ وظیفہ دیا جانا تھا
لیکن گذشتہ ایک دہائی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود نہ تو اس کا باقاعدہ اجلاس ہوتا رہا اور نہ ہی اس کی کارکردگی سامنے آئی جس کی وجہ سے ایک مرتبہ سرکاری ملازمت سے فراغت حاصل کرکے دوبارہ ملازمت حاصل کرنے والے ایڈمنسٹریٹر رسول شاہ کو فارغ کردیا گیا