دوسرا ون ڈے : زمبابوے سلیکٹ نے پاکستان شاہینز کو 80 رنز سے ہرادیا، عامرجمال کی پانچ وکٹیں، موزارابانی کی آل راؤنڈ کارکردگی
ہرارے ۔ پاکستان شاہینز کو زمبابوے سلیکٹ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 80 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چھ میچوں کی سیریز میں یہ اس کی مسلسل دوسری شکست ہے اس سے قبل وہ پہلا میچ 24 رنز سے ہاری تھی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں پاکستان شاہینز کے کپتان عمران بٹ نے ٹاس جیت کر زمبابوے سلیکٹ کو پہلے بیٹنگ دی جو 38 اعشاریہ 5 اوورز میں 236 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستان شاہینز 37 اعشارہ 3 اوورز کی بیٹنگ میں 156رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔۔
زمبابوے سلیکٹ کی پانچ وکٹیں عامر جمال اور شاہنواز دھانی کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں صرف 57 رنز پر گرگئی تھیں ۔آؤٹ ہونے والوں میں تجربہ کار کریگ ارون اور شان ولیمز بھی شامل تھے دونوں کو عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
اس موقع پر رائن برل اور کلائیو مداندے نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔ یہ شراکت بھی عامر جمال نے مداندے کو 43رنز پر آؤٹ کرکے ختم کی۔
عامر جمال نے کپتان ویلنگٹن مازا کادزا اور وکٹر نیاؤنکی کو بھی آؤٹ کردیا۔
رائن برل 47 رنز بناکر مہران ممتاز کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پاکستانی ٹیم کو اسوقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب گیارہویں نمبر کے بیٹسمین بلیسنگ موزارابانی نے صرف چوبیس گیند پر 50 رنز ناٹ آؤٹ کی جارحانہ اننگز کھیل ڈالی جس میں 7چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ۔ اس جارحانہ نصف سنچری اور آخری وکٹ کی شراکت میں بننے والے67 رنز کے نتیجے میں میزبان ٹیم 236رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔
عامر جمال نے اپنی عمدہ بولنگ کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے دس اوورز میں 75 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی ون ڈے کرکٹ میں بہترین بولنگ ہے ۔ پچھلے میچ میں انہوں نے 35رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
شاہنواز دھانی نے 36 رنز دے کر دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان شاہینز کا آغاز مایوس کن رہا۔ اننگز کی پہلی ہی گیند پر چتارا نے صائم ایوب کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ کامران غلام بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔ محمد حریرہ نے33 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔
حسین طلعت کے10 اور حسیب اللہ کے8 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد عمران بٹ اور مبصرخان نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں73 رنز کا اضافہ کیا۔ عمران بٹ 81گیندوں پر 45رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
مبصرخان سات چوکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو میچ زمبابوے سلیکٹ کے ہاتھوں میں جاچکا تھا۔
میزبان ٹیم کی طرف سے بلیسنگ موزاربانی نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے صرف 23 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
شان ولیمز اور وکٹر نیاؤنکی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔
مختصر اسکور۔
زمبابوے سلیکٹ 236 رنز ( 38 اعشاریہ 5اوورز ) بلیسنگ موزا را بانی 50ناٹ آؤٹ۔ رائن برل 47۔ کلائیو مداندے 43۔عامر جمال 75/5 وکٹ۔
پاکستان شاہینز۔156 رنز ( 37اعشاریہ 3 اوورز ) عمران بٹ 45۔ مبصرخان 44 ۔ موزارابانی 23/4 وکٹ ۔