پاکستان ایمرجنگ ویمنز ٹیم کی ایشیا کپ کے لیے ہانگ کانگ روانگی

 

 

 

پاکستان ایمرجنگ ویمنز ٹیم کی ایشیا کپ کے لیے ہانگ کانگ روانگی

پاکستان ایمرجنگ ویمنز کرکٹ ٹیم فاطمہ ثنا کی قیادت میں جمعہ کی شب کراچی سے براستہ دبئی ہانگ کانگ روانہ ہوگی جہاں وہ اے سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں حصہ لے گی۔

یہ ٹورنامنٹ 12 سے 21 جون تک ٹن وونگ روڈ ریکری ایشن گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم گروپ اے میں میزبان ہانگ کانگ، بھارت اے اور نیپال کے ساتھ ہے۔

 

پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ تیرہ جون کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔پندرہ جون کو اس کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا جبکہ سترہ جون کو اس کے مقابل بھارت اے کی ٹیم ہوگی۔

ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو انیس جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل اکیس جون کو ہوگا۔

 

ہانگ کانگ روانگی سے قبل چودہ رکنی ٹیم اور چار ریزرو کھلاڑیوں نے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں منعقدہ پندرہ روزہ کیمپ میں حصہ لیا جہاں کوچنگ اسٹاف نے انہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مختلف پہلوؤں کے
مطابق ٹریننگ کرائی۔ان کھلاڑیوں کو مختلف سچوئشن کے مطابق میچز بھی کھلائے گئے ۔

ان کھلاڑیوں نے کیمپ میں ٹریننگ کے ساتھ ساتھ اسٹرائیکرز کے نام سے پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی حصہ لیا۔

 

ایشیا کپ ایمرجنگ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیم میں کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ دیگر چھ کرکٹرز وہ ہیں جو اس سے قبل بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں ان میں گل فیروزہ ( دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) نتالیہ پرویز ( تین ون ڈے انٹرنیشنل اور گیارہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل) صدف شمس ( چار ون ڈے انٹرنیشنل اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل) سیدہ عروب شاہ ( دو ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) طوبی حسن ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور اکیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ) اور ام ہانی ( ایک ون ڈے انٹرنیشنل ) شامل ہیں۔

 

عروب شاہ کے علاوہ انوشے ناصر، ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار نے اس سال جنوری میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔

 

کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹیم کا تربیتی کیمپ بہت مفید ثابت رہا اور اس سے ٹیم کی تیاری میں مضبوط بنیاد رکھنے میں مدد ملی ہے۔انہیں امید ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے کیمپ میں جو کچھ سیکھا ہے وہ اس ٹورنامنٹ میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔

فاطمہ ثنا نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم بھارت اے، ہانگ کانگ اور نیپال کے خلاف حوصلہ اور آخر وقت تک مقابلہ کرنے کی سوچ کے ساتھ میدان میں اترےگی۔

 

پاکستانی ایمرجنگ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ فاطمہ ثنا ( کپتان ) انوشے ناصر۔ ایمان فاطمہ۔ گل فیروزہ۔ گل رخ ۔ لبنی بہرام ۔ ناجیہہ علوی ( وکٹ کییپر) نتالیہ پرویز۔ صدف شمس۔ شوال ذوالفقار۔ سیدہ عروب شاہ ۔ طوبٰی حسن ۔ ام ہانی اور یسرٰی عامر۔

ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات۔ دعا ماجد ۔فاطمہ خان اور رامین شمیم شامل ہیں۔

پلیئر سپورٹ اسٹاف ان ارکان پر مشتمل ہے۔ عائشہ جلیل ( منیجر ) ۔ محسن کمال ( ہیڈ کوچ ) ۔محمد کامران حسین ( اسسٹنٹ کوچ ) محمد عثمان شاہد ( انالسٹ ) اور رابعہ صدیق ( فزیوتھراپسٹ )۔

ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے میچز۔

13جون ۔ بمقابلہ نیپال ۔ صبح چھ بجے ( پاکستانی وقت )۔
15 جون ۔ بمقابلہ ہانگ کانگ ۔ صبح چھ بجے ( پاکستانی وقت )۔
17 جون ۔ بمقابلہ بھارت اے ۔ صبح ساڑھے دس بجے ( پاکستانی وقت ) ۔

 

 

error: Content is protected !!